• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں پلاؤ چند لذیذ اور پسندیدہ ڈشز میں سرفہرست ہے۔شاید ہی کو ئی ایسا ہو جس کو پلاؤ پسند نہ ہو ۔یہ پنجابیوں کی خاص ڈش ہے ۔ پلاؤ بریانی سے مختلف ہوتا ہے یہ تیز مصالحوں کی بجائے یخنی سے تیار کیا جاتا ہے۔ اس کی خوشبو گھر کی درو دیوار مہکا دیتی ہےکہ کھائے بغیر نہ رہ پائے۔ پالک گوشت اور پلاؤ شادیوں اور دعوتوں پر خاص تیار کیا جاتا ہے۔گھروں میں خواتین باآسانی چکن،مٹن ،بیف ،فش اور جھینگا پلاؤ تیار کرتی ہیں۔ علاوہ ازیں اب بہت سے مختلف پلاؤ بھی تیار کیے جانے لگے ہیں۔ان کی لذت اور ذائقہ دستر کی شان بڑھا دیتا ہے۔ مزیدارپلاؤ کی چند تراکیب ملاحظہ فرمائیں۔

کوفتہ پلائو


اجزاء۔

چاول ۔ ايک کلو

باريک قیمہ ۔ آدھا کلو

آئل ۔ڈيڑھ پائو

ادرک ۔آدھ چھٹانک

لہسن ۔ آدھ چھٹانک

الائچی ۔آٹھ عدد

دار چینی ۔ دو انچ دو عدد

سرخ مرچ ۔ چھ عدد

بیسن ۔ دو تولہ

پياز ۔ ايک پائو

نمک ۔ حسب ذائقہ

زعفران ۔تین ماشہ

دودھ ۔ آدھا پائو

خشخاش۔تھوڑی سی

ترکیب۔

قيمہ میں آدھا گرم مصالحہ، دو عدد سرخ مرچ ،باریک پسا ہوالہسن، باریک پسا ہواادرک ،حسبِ ذائقہ نمک ،بیسن اور خشخاش ملا کر چھوٹے چھوٹے کوفتے بناليں، جب کوفتے بن جائيں تو آدھا پائو آئل ميں سرخ کرکے چھوڑ ديں، اب بقیہ آئل کو دوسري دیگچی ميں چڑھا کر نصف پياز کو لچھے دار کتر کر براؤن کرکے نکال لیں، پسے ہوئے مصالحہ کو تھوڑے سے پانی میں مکس کر کے آئل ميں ڈال دیںساتھ حسبِ ذائقہ نمک بھی ڈال دیں۔جب پانی خشک ہوجائےتو کوفتے ڈال ليں، ايک پائو پانی کا اور اضافہ کرليں، پانی خشک ہونے پر اتار ليں، ايک دیگچی ميں دو کلو پانی ڈال کر گرم مصالحہ اور چائے کے دو بڑے چمچ نمک ڈال کر آگ پر رکھیں، جب پانی کھولنے لگے چاول دھوکر ڈال دیں، اور ايک کنی باقی رہنے پر چاول اتار کر کپڑے ميں چھان کر پانی نکال لیں، پھر چاولوںکودیگچی ميں ڈال کرتیار شدہ کوفتوںکو ڈال دیں۔زعفران چھڑک کر چاولوں کو چاروں طرف سے کوفتوں کے اوپر رکھ دیں، پھر پائو بھر دودھ کے چھینٹےدے کر سر پوش رکھ کر اوپر تلے انگاروں پر رکھ دیں، آدھ گھنٹے بعد ڈش میں نکال کر براؤن پياز چھڑک دیں، کوفتہ پلاؤ تیار ہے۔

جھينگا پلائو

اجزاء۔

چاول ۔آدھا کلو

آئل ۔ ايک پائو

جھينگا ۔ آدھا پائو

پياز ۔ دو عدد

لہسن ۔ ايک گھٹی

کڑی پتہ ۔ چار عدد

کالا زيرہ ۔آدھا چھوٹا چمچ

بڑی الائچی ۔ ايک عدد

دار چینی۔ ايک ٹکڑا

لونگ ۔چار عدد

کالی مرچ۔ چھ عدد

دہی۔ آدھا پائو

نمک ۔حسبِ ضرورت

جوائن۔ ايک چمچ چھوٹا

پانی۔ ايک کلو

ترکیب۔

جھينگے دھو کر تھوڑا سا نمک اور پسی ہوئی اجوائن لگا کر رکھ دیںچاول دھو کر بيس منٹ کيلئے بھگو کر رکھ ديں، پياز کو آئل ميں سرخ کريں اور اس ميں جھينگے ڈال کر بھونيں، اب سارا مصالحہ اور دہی ڈال دیں اور بھونتے جائيں، جب دہی کا پانی سوکھ جائے، تو ڈیڑھ پيالی پانی ڈال دیں اور ابلنے دیں، ايک پيالہ پانی باقی رہ جائے تو چاول ڈال دیں، ساتھ ہی تین پیالے پانی اور ڈال دیں، اب چاول تيز آنچ پر پکائیں، جب معمولی سا پانی رہ جائے تو دم لگائیں، نہایت لذيذجھینگا پلائو تیار ہے۔

چٹ پٹی چٹنی پلاؤ

اجزاء۔

چکن۔ ایک کلو

چاول ۔آدھا کلو

تیل ۔دو سے تین کھانے کے چمچ

تیل۔ آدھا کپ

پیاز ۔آدھا کپ (تلی ہوئی)

گرم مصالحہ۔ ایک کھانے کا چمچ (ثابت)

زیرہ۔ ایک چائے کا چمچ

تیز پتہ۔ دو عدد

ہری الائچی ۔چار سے پانچ عدد (ثابت)

ادرک لہسن کا پیسٹ۔ ایک چائے کا چمچ

چکن ۔کیوبز تین عدد

نمک ۔حسب ِذائقہ

انڈے ۔پانچ عدد (ابلے ہوئے)

فرنچ فرائز۔ گارنش کے لئے

چٹ پٹی چٹنی کے لئے۔

ہرا دھنیا۔ ایک گٹھی

پودینہ ۔آدھا گٹھی

ہری مرچ۔ چار عدد

کیری ۔ایک کپ (کیوبز میں کٹی ہوئی)

ادرک لہسن کا پیسٹ۔ ایک کھانے کا چمچ

زیرہ۔ ایک چائے کا چمچ

نمک ۔ایک چائے کا چمچ

لال مرچ۔ ایک چائے کا چمچ (کٹی ہوئی)

کھوپرا۔ دو کھانے کے چمچ (پسا ہوا)

چاٹ مصالحہ۔ ایک چائے کا چمچ

تیل ۔دو سے تین کھانے کے چمچ

ترکیب۔

چٹ پٹی چٹنی:گرائنڈر میں ہرا دھنیا، پودینہ، ہری مرچ، کیری، ادرک لہسن کا پیسٹ، زیرہ، نمک، لال مرچ، کھوپرا، چاٹ مصالحہ اور تیل ڈال کر اچھی طرح پیس لیں۔چکن کو کیوبز میں کاٹ لیں۔پھر اسے چٹنی لگا کر ایک طرف رکھ دیں۔ایک پین میں دو سے تین کھانے کے چمچ تیل گرم کریں اورچکن کو تیز آنچ پر ڈھانپ کر پکنے دیں۔کچھ دیر بعد آنچ ہلکی کر دیں۔چاولوں کو آدھے گھنٹے کے لئے بھگوئیں۔ایک پین میں آدھا کپ تیل گرم کرکے پیاز براؤن کرلیں۔ساتھ ہی گرم مصالحہ، زیرہ، ہری الائچی اور تیز پتہ شامل کرکے پکائیں یہاں تک کہ پیاز براؤن ہوجائے۔پھر چاولوں کو حسبِ ضرورت پانی کے ساتھ شامل کرکے ڈھانپ کر پکنے دیں۔اب اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ، چکن کیوبز اور نمک ڈالیں۔جب پانی خشک ہوجائے تو گرم توے پر دم کے لئے چھوڑ دیں۔تیار ہونے پر چکن کے ساتھ رکھیں۔فرنچ فرائز اور انڈوں سے گارنش کرکے سرو کریں۔

نرگسی پلاؤ

اجزاء۔

چاولوں کے لئے۔

چاول۔ آدھا کلو (بھیگے ہوئے)

ثابت گرم مصالحہ۔ ایک کھانے کا چمچ

تیز پتہ ۔ایک عدد

کالا زیرہ ۔آدھا چائے کا چمچ

چکن کے لئے۔

چکن ۔ایک کلو (بارہ ٹکڑے)

تیل ۔تین چوتھائی کپ

ثابت گرم مصالحہ۔ دو کھانے کا چمچ

ادرک لہسن ۔دو چائے کے چمچ

انڈے۔ چار عدد (اُبلے ہوئے)

دہی۔ ایک کپ

پیاز۔ ایک کپ (براؤن)

گرم مصالحہ۔ ایک چائے کا چمچ (پسا ہوا)

کالی مرچ۔ ایک چائے کا چمچ

نمک۔ ایک چائے کا چمچ

دودھ۔ آدھا کپ

کیوڑا۔ ایک چائے کا چمچ

زعفران ۔آدھا چائے کا چمچ

ترکیب۔

چاولوں کے لئے:ایک پتیلی میں چاولوں کو ثابت گرم مصالحہ، تیز پتہ اور کالا زیرہ کے ساتھ تین کنی پر اُبال لیں اور ایک کنی رہنے دیں۔چکن کے لئے:چکن کو دو کپ پانی میں ابال لیں۔پھر ایک پتیلی میں تیل ڈال کر ایک کھانے کا چمچ ثابت گرم مصالحہ، ادرک لہسن کا پیسٹ، تھوڑا سا پانی، چکن اور انڈے ڈال کر پانچ منٹ فرائی کر لیں۔اب چولہے کو بند کر دیں۔پھر ایک پیالے میں دہی، براؤن پیاز، پسا گرم مصالحہ، کالی مرچ اور نمک ڈال کر پتیلی میں مکس کر لیں۔اب چاولوں کو پتیلی میں ڈال دیں۔اب دودھ میں کیوڑا اور زعفران ڈال کر مکس کرلیں اور اس کو چاولوں کے اوپر ڈال دیں۔اب چولہے کو جلا دیں اور پانچ منٹ کے لیے آنچ کو تیز کر دیں اور اس کے بعد آنچ کو ہلکا کر دیں۔اور جب پک جائے تو اس کو بیس منٹ کے لیے دم پر رکھ دیں۔پھر اس کو مکس کریں اور ڈش آؤٹ کرکے سرو کریں۔

مٹن یخنی پلاؤ

اجزاء۔

مٹن۔ 500گرام

پیاز۔2عدد

گرم مصالحہ۔ 150گرام

لہسن۔ 4جوئے

ادرک۔ 10 گرام

لہسن ادرک پیسٹ۔ 1 کھانے کا چمچ

سبز مرچ۔7عدد

نمک۔حسبِ ذائقہ

مٹن یخنی۔ 2/1لیٹر

املی۔ 1کھانے کا چمچ

چاول۔700گرام

جاوتری۔ 1 چائے کا چمچ

کالی مر چ۔ ایک کھانے کاچمچ

ثابت دھنیا۔1کھانے کا چمچ

ثابت زیرہ۔1 کھانے کا چمچ

بادیان کا پھول۔ 1 کھانے کا چمچ

سونف۔ 1 چائے کا چمچ

کالی مرچ۔ 1 کھانے کا چمچ

دار چینی۔ 1 کھانے کا چمچ

لونگ۔1 چائے کا چمچ

تیزپات۔1عدد

دہی۔ 1/2کپ

کیوڑہ پانی۔ 1 چائے کا چمچ

ترکیب۔

ایک باؤل میںچاول لیں اور اس میں پانی ڈال کر بائیس سے پچیس منٹ تک بھگولیں ۔اب ایک ململ کے کپڑے میں ثابت دھنیا ،ثابت زیرہ،بادیان کا پھول ،سونف ،کالی مرچ ،دار چینی ،لونگ اور تیز پات ڈا ل کر ایک پوٹلی بنا لیں ۔ایک پین میں پانی لیں اوراس میں گرم مصالحے کی پوٹلی ،مٹن ،پیاز ، لہسن اور ادرک ڈال کر بندکر دیں اور پندرہ منٹ تک دم دیں (یخنی تیار ہے )۔اب ایک پین میں تیل لیں اوراس میں پیاز ڈال کر براؤن کر لیں اور ایک منٹ تک دم دیں ۔اب اس میں پانی ڈال کرایک منٹ دم دے کر اس میں ادرک لہسن پیسٹ اورسبز مرچ ڈال کر اچھی طرح ہلا لیں ۔اب اس میں تیار کیا ہو امٹن، گرم مصالحہ ،دہی اورنمک ڈال کر ہلا لیں اور مٹن یخنی ڈال کر تین سے پانچ منٹ تک دم دیں ۔اب اس میں املی ڈال کر مکس کر لیں اور بھگوئے ہوئےچاول اس میں ڈال کر اچھی طرح ہلالیں ۔اب اس میں جاوتری پاؤڈر ،سبز مرچ کیوڑہ اورپانی ڈال کر پندرہ منٹ تک دم دیں ۔مزیدار مٹن یخنی پلاؤ تیار ہے ۔

تازہ ترین