سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر شہر کے گنجان آبادی والے علاقے کوئنس روڈ کے رہائشی 6بچے پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئے، لاپتہ بچوں کی عمریں 11سے 16سال کے درمیان بتائی جارہی ہے، بچوں کے والدین، رشتہ دار، پولیس و انتظامیہ بچوں کی تلاش میں مصروف ہیں۔ بچوں کے لاپتہ ہونے سے شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ تھانہ سی سیکشن کی حدود کوئنس روڈ پر واقع پلازہ میں رہائش پذیر انیس الرحمن، قمر دین اور ریاض ملک کے 6بچے گزشتہ شام اپنے گھروں سے کرکٹ کھیلنے کا کہہ کر نکلے تھے جو کہ واپس گھر نہیں پہنچے۔ لاپتہ ہونیوالوں بچوں میں ایک خاندان کے 3اور ایک خاندان کے 2بچے بھی شامل ہیں،دوسری جانب پولیس کے مطابق محلے کے ایک بچے کی نشاندہی پر دریائے سندھ جامع مسجد کے قریب جھاڑیوں سے لاپتہ بچوں کے کپڑے اور چپلیں ملی ہیں، والدین نے بچوں کے کپڑے اور چپلوں کی شناخت کرلی ہے۔ تفتیش کی جارہی ہے کہ بچے نہاتے ہوئے پانی میں ڈوب گئے ہیں یا کوئی اور واقعہ رونما ہوا ہے جبکہ دریا میں بچوں کی تلاش کے لئے ریسکیو آپریشن بھی شروع کیا گیا ہے۔