صوبہ سندھ کے شہر سکھر کے قریب دریائے سندھ میں 6 بچوں کے ڈوبنے کی اطلاع پر پاک بحریہ کا ڈائیونگ آپریشن جاری ہے۔
پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی درخواست پر پاک بحریہ کے غوطہ خور ڈوبنے والے بچوں کو ڈھونڈنے میں معاونت کر رہے ہیں، بحریہ کے ماہر غوطہ خور ریسکیو آپریشن میں شریک ہیں۔
ترجمان پاک بحریہ نے مزید بتایا کہ نوشہرو فیروز میں بھی دریا کا بند ٹوٹنے کے بعد کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے پاک بحریہ کا ریسکیو آپریشن جاری ہے، پاک بحریہ کے جوان کشتیوں کی مدد سے اس آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل سکھر کے گنجان علاقے کوئنس روڈ کے رہائشی 6 بچے پراسرار طور پر لاپتہ ہو گئے تھے، 11 سے 16 سال تک کے لاپتہ ہونے والے ان 6 بچوں کی تلاش میں بچوں کے والدین، رشتہ دار، پولیس و انتظامیہ گزشتہ 2 روز سے مصروف ہیں۔
ان 6 بچوں کے والدین کا کہنا تھا کہ یہ بچے کرکٹ کھیلنے کے لیے گھروں سے نکلے تھے کہ لاپتہ ہو گئے۔
پولیس کے مطابق محلے کے ایک بچے کی نشاندہی پر دریائے سندھ کے قریب واقع جامع مسجد کے پاس جھاڑیوں سے لاپتہ بچوں کے کپڑے اور چپلیں ملی ہیں، جنہیں ان بچوں کے والدین نے شناخت کر لیا ہے۔
جس کے بعد سے بچوں کو دریا میں ڈھونڈنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور اب اس ریسکیو آپریشن میں نیوی کے غوطہ خور بھی شامل ہو گئے ہیں۔