• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران پاکستان کے گوربا چوف ثابت ہو رہے ہیں: احسن اقبال

مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال کہتے ہیں کہ ہماری معیشت تباہ ہو رہی ہے اور وزیر اعظم کو صرف نواز شریف نظر آ رہے ہیں، عمران خان پاکستان کے گوربا چوف ثابت ہو رہے ہیں۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے نون لیگی رہنما نے کہا کہ نہ عمران خان کو معیشت کا پتہ ہے اور نہ ہی ریفارمز کا پتہ ہے، ڈیولپمنٹ بجٹ کاٹنے سے 6 لاکھ سے زائد افراد بیروزگار ہوئے، برآمدات نیچے جا رہی ہیں، بیرونی سرمایہ کاری 25 فیصد کم ہو رہی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح میں ریکارڈ اضافہ ہو رہا ہے، واشنگٹن میں وزیر اعظم عمران خان کہتے ہیں کہ واپس جا کر نواز شریف کا فریج اور اے سی بند کروں گا، عمران احمد نیازی پاکستان کے گورباچوف بن چکے ہیں، وہ ریفارمز کا مطلب ہی نہیں جانتے، ریفارم کردار کشی، الزام تراشی اور جبر سے نہیں ہوتی، ریفارم اسٹیک ہولڈرز کی اعتماد سازی سے ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کا سب سے بڑا پراجیکٹ ایم ایل ون رواں سال شروع ہونا تھا، ریلوے کا جاری بجٹ گھٹا دیا تو ایم ایل ون کا سنگ بنیاد کیسے رکھیں گے، شیخ رشید اور عمران نیازی کس کو بیوقوف بنا رہے ہیں؟ اسٹیٹ بینک نے واضح کر دیا ہے کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی حکومت کی پالیسیوں سے نہیں ہوئی۔

نون لیگی رہنما نے مزید کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی سی پیک کے پہلے فیز کے مکمل ہونے سے ہوئی، اس حکومت کا نہ کوئی معاشی وژن ہے اور نہ ہی ان کے پاس کوئی معاشی پالیسی ہے، نواز شریف فوبیا کے ساتھ ملک کو معاشی طور پر مضبوط نہیں بنایا جا سکتا۔

احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ عمران خان گوربا چوف بننے کے بعد اب ہٹلر بننے جا رہے ہیں، وہ ہمیں گرفتاریوں سے نہ ڈرائیں، ہم پاکستان کے آئین کی آخری حد تک حفاظت کریں گے، اس حکومت کا صرف ایک ہی وژن ہے اور وہ صرف کردار کشی ہے۔

تازہ ترین