کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو نیوز کے پروگرام آپس کی بات میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ امریکاکے ساتھ کوئی ایسا وعدہ نہیں کیا جسے نبھا نہیں سکتے۔ماضی کی غلطیاں نہیں دہرائیں گے۔ افغانستان میں امن کیلئے بھرپور کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں، امریکا نے امن کیلئے پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کیا ہے۔ افغانستان میں موجود تمام قوتوں کو ایک میز پر بیٹھنا ہوگا اس کے بغیر خطے میں امن کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔ پروگرام میں رہنما پیپلزپارٹی چوہدری منظور، رہنما نون لیگ عظمیٰ بخاری اور رہنما پی ٹی آئی فرخ حبیب نے بھی گفتگو کی۔ وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے مزید کہا کہ ایسا نہیں ہوسکتا کہ خطے کی تمام قوتیں تعاون نہ کریں اور پاکستان اکیلا خطے میں امن قائم کرلے۔ روس، چین، ایران سمیت خطے کے تمام ممالک کی اہمیت ہے اگر ایران میں بدامنی ہوئی تو افغانستان پر اثرات پڑیں گے۔ گزشتہ پانچ سال دنیا میں پاکستان کا موقف نہیں جا سکا۔ ملک بغیر وزیر خارجہ کے چلتا رہا۔ امریکا میں پاکستانی لابی کو متحرک کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔