• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی کو سیلابی صورتحال کا سامنا ہو سکتا ہے: شیخ رشید


وفاقی وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد کہتے ہیں کہ رواں برس مون سون میں پچھلے برسوں سے زیادہ بارشوں کا امکان ہے، راولپنڈی شہر کو سیلابی صورت حال کا سامنا ہو سکتا ہے۔

وزیر ریلوے شیخ رشید نے راولپنڈی میں گوال منڈی پل کے مقام پر نالہ لئی کا دورہ کیا اور راولپنڈی اور اسلام آباد میں جاری بارشوں کے باعث سیلابی صورت حال کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر صحافیوں سے گفت گو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نالہ لئی ایکسپریس وے اینڈ فلڈ چینل کی تعمیر نا گزیر ہے، امید ہے کہ اسی سال اس منصوبے پر عملی کام شروع ہو جائے گا۔

شیخ رشید احمد نے ممکنہ سیلابی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے راولپنڈی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت بھی کی۔

واضح رہے کہ جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں تیز ہوا کے ساتھ موسلا دھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے رات سے جاری ہے۔

ادھر ترجمان آئیسکو نے بارش کے بعد جڑواں شہروں کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہونے کے حوالے سے کہا ہے کہ مختلف علاقوں کو بجلی سپلائی کرنے والے 36 سے زائد فیڈرز پر فالٹ اور ٹرپنگ ہوئی ہے۔

ترجمان آئیسکو کا مزید کہنا ہے کہ کھنہ ایسٹ، انگوری، شاہ پور، آئی ٹین ون، سی ڈی اے، کورال، ایس پی ڈی، اے بلاک، جیل پارک، دھمیال، قاسم بیس فیڈرز اور گرد و نواح کو بجلی کی سپلائی متاثر ہوئی ہے۔

آئیسکو کے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ بارش کے رکتے ہی متاثرہ فیڈرز پر بجلی کی بحالی کا کام شروع کر دیا جائے گا، صارفین بارش کے موسم میں احتیاط برتیں اور بجلی کی تنصیبات سے دور رہیں، کہیں بھی بجلی کے ٹوٹے ہوئے تار دیکھیں تو ان کے نزدیک ہرگز نہ جائیں۔

تازہ ترین