• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاپان میں موجود مسلم لیگ ن ضلع سیالکوٹ کے صدر و سابق رکن صوبائی اسمبلی چوہدری طارق سبحانی کا کہنا ہے کہ حکومت نے ٹیکسوں کی بھرمار اور لوٹ مار کا سلسلہ شروع کر کے غریب عوام کو زندہ درگور کرنے کی منصوبہ بندی کر لی ہے۔

مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما سابق رکن صوبائی اسمبلی اور سیالکوٹ کے ضلعی صدر چوہدری طارق سبحانی کے اعزاز میں مسلم لیگ ن جاپان کے سینئر نائب صدر ملک یونس کی جانب سے پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جاپان میں موجود مسلم لیگ ن ضلع سیالکوٹ کے صدر و سابق رکن صوبائی اسمبلی چوہدری طارق سبحانی نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے اپنے دور حکومت میں ملک کو بحرانی کیفیت سے نکال کر شاہراہ ترقی پر گامزن کیا تھا۔

تقریب میں مسلم لیگ ن جاپان کے صدر ملک نور محمد اعوان، مسلم لیگ ن جاپان کے جنرل سیکریٹری شمس بٹ، سینئر نائب صدر منظور مغل، فنانس سیکریٹری قمر سوزوکی، کشمیر یکجہتی کونسل کے صدر شاہد مجید، ہم خیال گروپ کے ملک سلیم بوئیکی، معروف شاعر چوہدری فواد، معروف کاروباری شخصیت حافظ شاہد، ن لیگ کے انفارمیشن سیکریٹری اختر ناہید، ن لیگ ٹوکیو کے صدر شیخ ذوالفقار، ن لیگ یوتھ ونگ کے رہنما طارق کمبوہ، یوتھ وینگ کے سینئر نائب صدر ملک ارشد سمیت بڑی تعداد میں رہنماوں اور کارکنان نے شرکت کی۔

مسلم لیگ ن کے دور اقتدار سے قبل ملک کے حالات انتہائی ابتر اور تباہی کا شکار تھے۔ معیشت کمزور ترہو چکی تھی اور بجلی 24 گھنٹوں میں صرف4 گھنٹے عوام کی دسترس میں تھی اور انڈسٹری تباہی کا شکار ہونے کے باعث صنعت کے لئے مشکلات پیدا ہو چکی تھیں لیکن سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے اقتدار میں آتے ہی ملک و قوم کو بحرانوں سے نکالتے ہوئے پاکستان کو ترقی کے راستے پر ہموار کیا اور مسلسل بجلی کی قیمتوں میں کمی کی او ر عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ میگا منصوبے مکمل کئے جس میں میٹرو، موٹر وے، سی پیک، اقتصادی راہداری منصوبہ، سڑکوں کی پختہ تعمیر، اسپتالوں کی حالت زار میں بہتری، مزید اسپتالوں کا قیام اور درجنوں عوامی خدمت کے منصوبے شروع کئے گئے جن پر آج موجودہ ناکام حکومت اپنے ناموں کی تختیاں لگا رہے ہیں۔ 

میاں محمد نواز شریف نے بجلی کے لیے بجلی گھروں کی تعمیر کی اور بجلی کی پیداوار کے لئے ہنگامی اقدامات اٹھائے اور بیشتر بجلی گھر بجلی کی پیداوار میں آج کام کر رہے ہیں لیکن چند بجلی گھر موجودہ نا اہل حکومت کی وجہ سے بند ہو گئے ہیں۔

موجودہ حکومت نے اقتدار میں آتے ہی بجلی مہنگی کرنا شروع کر دی تھی اور تمام اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام کو خودکشیوں پر مجبور کر دیا گیا ہے۔ حکومت نے ٹیکسوں کی بھرمار اور لوٹ مار کا سلسلہ شروع کر کے غریب عوام کو زندہ درگور کرنے کی منصوبہ بندی کر لی ہے۔ حکومت کی کارکردگی صِفر جا رہی ہے۔ عوام نیا پاکستان مسترد کر کے پرانا پاکستان مانگ رہے ہیں۔

انہوں نے جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے اظہار خیال کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان میں مقیم مستحق، نادار اور ضرورت مندوں کی ضروریات کا خیال حسب روایت رکھنا چاہیے۔ بلاشبہ اوور سیز پاکستانی اپنی عوام کے لئے گرانقدر خدمات سر انجام دے رہے ہیں اور اس کارخیر میں مزید کام کرنا ہو گا تا کہ اپنے پاکستانی عوام کی بھی مدد ہو سکے۔

اس موقع پر تقریب کے میزبان ملک محمد یونس نے کہا کہ مسلم لیگ ن ایک باوقار اور ملک کی بڑی سیاسی جماعت ہے جس نے پاکستان کو مسائل کے بھنور سے نکال کر تعمیر و ترقی کی طرف گامزن کیا ہے۔ مسلم لیگ ن کے خلاف انتقامی کارروائی صرف محب وطن قیادت کو دی جا رہی ہے۔ حکومت کے پاس عوام کی خدمت نام کا کوئی پروگرام نہیں بلکہ لوٹ مار اور کرپشن کی بھرمار نظر آرہی ہے۔

اداروں میں کرپشن عروج پکڑ چکی ہے اور حکومت نے اپنی آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ ان حالات میں میاں محمد نواز شریف کی رہائی انتہائی ضروری ہے۔ تقریب میں دیگر لیگی رہنماؤں اور عہدیداران نے بھی خطاب کیا۔

یاد رہے کہ چوہدری طارق سبحانی کا شمار سیالکوٹ کے سینئر سیاستدانوں میں ہوتا ہے۔ چوہدری طارق سبحانی سابق وزیر چوہدری اختر علی وریو کے صاحبزادے اور سابق صوبائی وزیر و کارکن صوبائی اسمبلی چوہدری خوش اختر سبحانی کے چھوٹے بھائی ہیں۔

سابق وزیر اعظم میاں محمد نوا ز شریف نے چوہدری اختر علی وریو مرحوم کو کنگ میکر اور شیر پنجاب کا لقب دیا تھا اور ان کی فہم و فراست کی وجہ سے ہی چوہدری اختر علی وریو 2 مرتبہ چیئرمین ضلع کونسل اور وزیر بھی رہ چکے ہیں جبکہ جاپان میں مقیم مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر ملک محمد یونس کا شمار بھی معروف سماجی شخصیات میں ہوتا ہے۔

ملک محمد یونس ہر سال مستحق اور بے سہارا بچیوں کی شادیاں کر کے انہیں ضروریات زندگی کی اشیاء فراہم کرتے ہیں اور حالیہ واٹر فلٹریشن پلانٹس کی مہم میں دو بڑے پلانٹس عوام کو صاف پانی کی فراہمی کے لیے لگا چکے ہیں۔

تازہ ترین