مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے پاکستان کو بین الاقوامی گداگر بنا دیا ہے۔
متحدہ اپوزیشن کی اپیل پر یومِ سیاہ منایا جا رہا ہے جس کے سلسلے میں پشاور میں احتجاجی جلسہ کیا گیا۔
جلسے میں جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن، عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی، مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نیر بخاری، قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیر پاؤ کے علاوہ تمام اپوزیشن پارٹیوں کے رہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی۔
احسن اقبال نے جلسے سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے لیے کوٹ لکھپت جیل سے نواز شریف کا سلام لایا ہوں، 25 جولائی کو ایک سلیکٹڈ وزیر اعظم مسلط کیا گیا، جس نے پاکستان کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 5 سال میں جو ترقی کی گئی، سلیکٹ حکومت کو بٹھا کر اس تمام ترقی پر پانی پھیر دیا گیا، آج ملک کا مزدور اپنے بچوں کو روٹی نہیں کھلا سکتا، بچوں کو روٹی کھلا دے تو اسکول کی فیس نہیں دے سکتا۔
احسن اقبال کا کہنا ہے کہ آج دنیا کے لیڈر بچ کر چلتے ہیں اور کہتے ہیں کہ کہیں عمران خان مل گئے تو پیسے مانگنا نہ شروع کر دیں، عمران خان نے پاکستان کو بین الاقوامی گداگر بنا دیا ہے۔
مسلم لیگ نون کے رہنما نے کہا کہ نہ ان کو کوئی تجربہ ہے، نہ عقل ہے، نہ ان کا کوئی پروگرام ہے، یہ اناڑی اور عقل سے عاری ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب بھی کوئی پاکستان کے آئین پر میلی نگاہ ڈالے گا، ہم اس کے سامنے دیوارِ چین بن جائیں گے، عوام کے حقِ حکمرانی پر ڈاکہ نہیں مارنے دیں گے۔
احسن اقبال کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان کے عوام کو اپنے مستقبل کے لیے اٹھنا ہو گا، اب یہ قافلہ اس وقت رکے گا جب عمران خان کو ڈی چوک پر کنٹینر پر کھڑا کر دیں گے۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی ف کے رہنما اکرم خان درانی نے کہا کہ ایک سال قبل تمام سیاسی رہنماؤں کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا، قبائلی اضلاع کے حالیہ انتخابات میں بھی دھاندلی ہوئی۔