آسمانی بجلی گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہِ کاغان گزشتہ روز دوپہر سے 8 مقامات پر بند ہے۔
لیہ سے سیاحت کے لیے آئے ہوئے میاں بیوی جلکھڈ کے مقام پر ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئے۔
ڈی سی مانسہرہ نے دعویٰ کیا ہے کہ شاہراہ کو بھاری مشینری کی مدد سے آج شام 4 بجے کے بعد کھول دیا جائے گا، سیاح بابو سر ٹاپ سے چلاس کوہستان روڈ آمد و رفت کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔
مانسہرہ کے تفریحی مقام جل کھڈ اور بڑوئی کے درمیان گزشتہ دوپہر کو شدید بارش اور کلاؤڈ برسٹ کی وجہ سے برساتی نالوں میں طغیانی آ گئی اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے شاہراہ 8 مقامات پر بند ہو گئی جس کی وجہ سے گلگت آنے جانے والے سیکڑوں مسافر اور سیاح مختلف مقامات پر پھنس گئے۔
شاہراہ کھولنے کے لیے این ایچ اے کی بھاری مشینری موقع پر موجود ہے، رات کو اندھیرے کے باعث امدادی کام کو روک دیا گیا تھا جبکہ مسلسل لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے مسافروں نے رات مقامی ہوٹلوں، گاڑیوں اور کھلے آسمان تلے گزاری۔
بالا کوٹ کے اسسٹنٹ کمشنر نواب سمیر کے مطابق مقامی پولیس اور محکمۂ صحت کا عملہ رات بھر موقع پر موجود تھا۔
ٹور ازم پروموشن ایسوسی ایشن آف کاغان ویلی کے چیئر مین سیٹھ مطیع اللّٰہ کا کہنا ہے کہ علاقے میں اشیائے خورد و نوش کی کوئی قلت نہیں ہوئی ہے، رات بھر مقامی ہوٹلز مسافروں کی خدمت میں مصروف رہے۔
صبح ہوتے ہی دوبارہ سے امدادی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، دوپہر تک شاہراہ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔