لاہور(آئی این پی) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ عمران خان‘طاہر القادری اورشیخ رشید اگلی پلاننگ کیلئے بھارت میں اکٹھے ہوئے ہیں، بھارت جانے والے سیاسی رہنماؤں کو حکومت مخالف مہم کے بجائے ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے،پاکستانی ٹیم جیت کر قوم کو تحفہ دے گی۔ وہ ہفتہ کو لاہور کے علاقے شادمان میں منصوبے کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق کا کہنا تھا کہ بھارت جانے والے سیاسی رہنماؤں کو حکومت مخالف پلاننگ کی بجائے ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ ورلڈ کپ کا سب سے اہم میچ ہے، پاکستانی ٹیم جیت کر قوم کو تحفہ دے گی۔انہوں نے بتایا کہ منصوبوں کا افتتاح رات کو کرتا تھا،آج اس لئے پہلے کیا ہے کہ پاک بھارت میچ دیکھنا ہے۔