لندن (پ ر) پاکستان مسلم لیگ ن برطانیہ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اقبال سندھو اور لیڈیز ونگ کی مرکزی سیکرٹری جنرل حنا ملک نے کہا ہے کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف نے پرویز مشرف کے ساتھ اس وقت ڈیل نہیں کی جس وقت وہ اقتدار میں تھے تو اب کیا کریں گے۔ میاں نواز شریف بڑے دل والے ہیں، انہوں نے پرویز مشرف کو معاف کردیا تھا مگر ان کیخلاف مقدمات کا فیصلہ آزاد عدلیہ کرے گی۔ مسلم لیگ ن آزاد عدلیہ کا احترام کرتی ہے۔ وزیر اعظم میاں نواز شریف نے انسانیت کی خاطر پرویز مشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی۔ جس وقت آصف زرداری ایوان صدر میں پرویز مشرف کو گارڈ آف آنر دے رہے تھے تو اس وقت جیالے کیوں خاموش رہے۔ ان خیالات کا اظہار ہونے ایک استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اقبال سندھو اور حنا ملک نے مزید کہا کہ قیام پاکستان اور استحکام پاکستان کیلئے مادر ملت فاطمہ جناحؒ کی قیادت میں خواتین کے کردار اور ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان کی خواتین نے ہر شعبہ میں اپنے جوہر منوائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دفاع وطن ہو یا تعمیر و ترقی کیلئے خواتین کی خداداد صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خواتین نے اپنے جائز مقام سے زیادہ کبھی کچھ نہیں مانگا۔ خواتین بجاطور پر احترام کی مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امتیازی رویوں سے تلخیاں اور دوریاں پیدا ہوتی ہیں۔ ہماری حکومت کسی سطح پر خواتین کا استحصال برداشت نہیں کرے گی۔