اولڈہم (جنگ نیوز) سیاست کا تعلق شعور و آگہی اور خدمت خلق میں پوشیدہ ہے اور جو لوگ سیاست میں تجارت اور ریاست کو بیچنے کی سازش کرتے ہیں وہ ہمیشہ قابل مذمت رہتے ہیں۔ ہماری قوم کی بدقسمتی ہے کہ ہم ضعف یادداشت کا شکار ہوجاتے ہیں اور جلد ماضی بھلا دیتے ہیں۔ اعتزاز احسن کے پرویز مشرف کے خلاف بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے یہ بات آل پاکستان مسلم لیگ برطانیہ کے صدر افضال احمد صدیقی نے کہی۔ افضال صدیقی کا کہنا تھا کہ خالصتان کی تحریک کو سبوتاژ کرنے والے اور مرحومہ بے نظیر سے ناراض رہنے والے کس طرح آج بیان بازی کررہے ہیں۔ یہ بات افسوسناک ہے اور نام نہاد بحالی تحریک کے نام پر قوم کو بے وقوف بنانے والے کس طرح قوم سے مخلص ہوسکتے ہیں۔ اعتزاز احسن تو کہا کرتے تھے کہ ان کی آصف زرداری کے ساتھ کوئی رفاقت اور ہم آہنگی نہیں، مگر آج مفادات کی خاطر کس طرح شیر و شکر ہوئے ہیں تو یہ قول ان پر صادق آتا ہے کہ سیاست کے سینے میں دل نہیں ہوتا۔ اعتزاز احسن کو چاہیے کہ ملک و قوم کے سامنے حقائق لائیں نہ کہ قوم کو گمراہ کریں۔