• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے کراچی کے تمام تھانوں کی اسپیشل پولیس پارٹیاں ختم کرنے کا حکم دیا ہے۔

وہ کراچی پولیس کے آپریشن، انویسٹی گیشن اور ٹریفک افسران سے پہلا خطاب کررہے تھے جس میں کراچی پولیس کے تمام ایس ایچ اوز ، ایس آئی اوز اور ایس اوز شریک ہوئے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کراچی پولیس کے تمام تھانوں کی اسپیشل پولیس پارٹیاں ختم کرنے کا حکم دیا جبکہ منگھوپیر اور موچکو تھانوں کے اسٹاف کو خصوصی طور پر خفیہ پارٹیاں ختم کرنے کے احکامات دیئے۔

کراچی پولیس چیف نے شیشہ، مساج، گیسٹ ہاؤس سے پیسے لینے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا بھی حکم جاری کیا جبکہ جوئے، منشیات فروشی اور دیگر منظم جرائم میں سہولت کار اہلکاروں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے اعلان کیا کہ تمام ماڈل تھانوں کے ایس ایچ اوز کو تنخواہ کے علاوہ ایک لاکھ روپے ماہانہ الاؤنس دیا جائے گا اور تمام تھانوں کو ماہانہ خرچہ بھی دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایس ایچ اوز کو صرف اس صورت میں فارغ کیا جائے گا جب اس پر بدعنوانی کے الزامات ہوں۔ کسی بھی افسر کی تعیناتی تحریری ٹیسٹ اور انٹرویو کے ذریعے کی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں کراچی میں دو تھانوں کو ملا کر 6 ماڈل تھانے بنائے جارہے ہیں۔ دوسرے مرحلے میں 4 پولیس اسٹیشنز کو ملا کر ایک تھانہ بنایا جائے گا۔

غلام نبی میمن نے کہا کہ کراچی میں مختلف تھانے ایک دوسرے میں ضم کرکے مجموعی طور پر صرف 54 تھانوں کے قیام کا منصوبہ ہے۔ ماڈل تھانوں کے ذریعے عوام کو ہر طرح کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ پہلے دو نئے ماڈل تھانوں کیلئے ہم نے اچھے افسران کا انتخاب کیا ہے۔ ایس ایچ او فیروز آباد اورنگزیب خٹک اور ایس ایچ او کلفٹن پیر شبیر کو تعینات کیا گیا ہے۔

فیروزآباد تھانے میں بہادرآباد، کلفٹن میں بوٹ بیسن تھانے کو ضم کرکے 2 ماڈل تھانے بنارہے ہیں۔

ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر کو بھی سخت ہدایات دی گئیں اور ٹریفک پولیس کی جانب سے اب شہریوں سے تضحیک آمیز رویہ قبول نہیں کیا جائے گا، ٹریفک پولیس کی وردی سفید ہے، اس پر داغ نہ آنے دیں گے۔ ٹریفک اہلکار کسی کو تھپڑ مارتے ہیں کسی سے بدتمیزی کرتے ہیں مجھے شرمندگی ہوتی ہے۔

کراچی پولیس چیف نے تفتیشی افسران کو کرائم سین پر خود پہنچنے کے احکامات دیئے۔  تمام ڈیجیٹل آلات کیمرے جن میں وقت اور دن بھی آ رہا ہوں اپنے ہمراہ رکھنے کا حکم دیا۔ انویسٹی گیشن افسر کیس کی فائل خود تیار کرے اور مضبوط شواہد پر مبنی کیس تیار کرے۔ تفتیشی افسران کو بھی ماہانہ الاؤنس دیا جائے گا۔

تازہ ترین