لاہور(نمائندہ جنگ) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے جمعیت علمائے اسلام ( ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ملنے والی حکومتی ٹیم کی کھنچائی کرتے ہوئے جواب مانگ لیا ہے،شیخ رشید نے کہ عمران خان نے حکومتی ٹیم کی ان سے اجازت کے بغیر اپنے سخت ترین ناقد مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کا نوٹس لیا ہے۔چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ کا مقابلہ سخت ہے تاہم صادق سنجرانی کی جیت دیکھ رہا ہوں۔ فوج اور حکومت کے درمیان کوئی اختلاف نہیں اور دونوں ایک پیج پر ہیں پی ٹی آئی سے عمران خان کو نکال دیں پیچھے کچھ نہیں ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید احمد نے کہا کہ ابھی عمران خان کی سفری تھکاوٹ بھی دور نہیں ہوئی کہ امریکہ نےمعاہدوں پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے۔ گزشتہ ایک سال کے دوران سب سے زیادہ کارکردگی ریلوے نے دکھائی ہے۔ محکمے نے 10 ارب روپے کمائے ہیں، 60 سے 70 لاکھ مسافر بڑھ گئے ہیں، ہم نے ٹرینوں کو 90 سے 136 کر دیا ہے اور تمام ٹرینیں بھر پور انداز میں چل رہی ہیں۔میں جاہل اور گنوار قسم کا وزیر نہیں ہوں، 24 اگست کو میرا ایک سال پورا ہوگا، بطور وزیر ریلوے قوم کے سامنے خود کو پیش کروں گا۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان کا دورہ امریکا تاریخی تھا، وزیراعظم نےامریکا جا کر کہا ہے ایران سے جنگ بہت نقصان دہ ہوگی، عمران خان کی قسمت اچھی ہے کہ اب برطانیہ میں بھی ان کے دوست اقتدار میں آگئے ہیں، افغان مسئلے پر طالبان کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جائے گی۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ 25 جولائی کو چھوٹی سی جلسی ہوئی،ان جلسوں سے عمران خان نہیں جا رہا۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اور شاہد خاقان ایک ہی چھت تلے رہ رہے ہیں، جو جتنا زیادہ چیخا ہے اس کی باری جلد آئے گی۔پاکستان ریلوے میں 347 سے 500 ڈرائیوروں کی بھرتی پراسیس میں ہے اُن کو مکمل ڈرائیور بننے میں2 سال لگیں گے۔ اس لیے ہمارے جو 100 سے 200 ریٹائر ہونے جارہے ہیں ان کے میڈیکل ٹیسٹ اور پرفارمنس دیکھنے کے بعد دو سال کے لیے کنٹریکٹ پر بھرتی کریں گے۔اس حوالے سے چیف ایگزیکٹوآفیسر پاکستان ریلویز محمد آفتاب اکبر کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے پاس 136 پسنجر ٹرینیں ہیں مسافر سیفٹی کے ساتھ صفائی بھی مانگتے ہیں اس لیے ہم لاہور اور کراچی میں ہنگامی بنیادوں پر واشنگ لائنزکو بہتر بنائیں گے جس سے ایک وقت میں ہماری 10 ٹرینیں تیار ہوسکیں گی، پہلے ہم روزانہ ایک کوچ تیار کرتے تھے اب ہم نے7 دِنوں میں 10 کوچز تیار کرنے کا فیصلہ کیاہے۔رائل پام کو ٹیک اوور کر لیا ہے جلد از جلد اس کے کنسلٹنٹ کا ٹینڈر چلایا جائے گا اور 90 دن کے اندر اندر اس پراسس کو کامیاب کریں گے۔