وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبائی وزراء کے ہمراہ کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اتوار کی صبح اچانک کراچی کے مختلف علاقوں گارڈن ایریا، لسبیلہ، نارتھ کراچی، ناگن چورنگی کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ صوبائی وزراء سعید غنی اور اویس شاہ بھی موجود تھے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مختلف علاقوں میں جاری ترقیاتی کاموں پر بریفنگ لی اور نالوں کی صفائی، شہر کی صفائی اور اورنگی میں یلو لائن کی تعمیرمیں سست روی پر برہمی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ یلو لائن منصوبہ جلد تکمیل کے مراحل میں داخل ہوجائے گا، بی آر ٹی اورنج لائن جس کا نام اب عبدالستار ایدھی لائن رکھ دیا گیا ہے، یہ پروجیکٹ ٹی ایم اے آفس اورنگی سے جناح یونیورسٹی فار وویمن ناظم آباد تک تعمیر کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے پر اپریل 2017 میں کام شروع ہوا، پروجیکٹ کی لاگت 496.76 ملین روپے ہے جو بڑھ سکتی ہے، پروجیکٹ کا 1 کلومیٹر روڈ پر اور 1.5 کلومیٹر باچا خان فلائی اوور پر بن رہا ہے، پروجیکٹ میں کل 2 اسٹیشنز ہوںگے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ شہر کے مسائل کے حل کے لیے وزیر بلدیات اور میئر کراچی آپس میں رابطے میں ہیں، یلو لائن منصوبے کا جائزہ لینے کے لیے خود آیا ہوں، کچھ مسائل کی نشان دہی ہوئی ہے جن کو دور کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ شہر میں جاری ترقیاتی منصوبے وقت پر مکمل کیے جائیں گے، سندھ حکومت شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کےلیے کوشاں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ برسات کے پانی کا مکمل کنٹرول ممکن نہیں، غیر معمولی بارشوں میں سڑک پر پانی جمع ہوجاتا ہے۔