اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے معروف صحافی و دانشور عرفان صدیقی کو ہتھکڑی لگانے کے معاملے پر وزیرداخلہ اعجاز شاہ سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔
اسد قیصر نے اعجاز شاہ سے گفتگو میں عرفان صدیقی کی گرفتاری اور ہتھکڑیاں لگانے پر تشویش کا اظہارکیا۔
اسد قیصر نے کہا کہ ہمیں قلم کے تقدس کا اور آزادی اظہار رائے کا احترام کرنا ہوگا، عرفان صدیقی ایک بزرگ استاد اور سینیئر صحافی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قانون کرایہ داری کی خلاف ورزی کے الزام میں گرفتار کرکے ہتھکڑی لگانا قابل مذمت ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے وزیر داخلہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی سطح پر بھی کسی کے ساتھ ناانصافی برداشت نہیں کر سکتا۔
اسد قیصر نے کہا کہ مہذہب معاشروں میں استاد کا احترام لازم ہوتا ہے، اس معاملے کی مکمل تحقیقات ہونی چاہیے۔
عرفان صدیقی کو ہتھکڑی لگانے کے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی نے رپورٹ طلب کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد کو کل رپورٹ سمیت پارلیمنٹ طلب کرلیا ۔