وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن صاحب جمہوریت پر خود کش حملہ کرنے کے بجائے حجرے کا رخ کریں۔
فردوس عاشق اعوان نے مولانا فضل الرحمٰن کے اسلام آباد کی طرف مارچ کرنے کے اعلان کے جواب میں ردعمل دیا۔
انہوں نے کہا کہ مولانا صاحب، سڑکوں پر فساد پھیلانے کی بجائے، تبلیغ برائے اصلاح کا فریضہ سرانجام دیں۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی نے مزید کہا کہ مولانا صاحب! کرسی کی بے تابی میں جمہوریت سے نہ کھیلیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مولانا صاحب 2018 کے انتخابات میں اپنی شکست اور سیاسی محرومی کا بدلہ جمہوری نظام سے نہ لیں۔
فردوس عاشق اعوان نے استفسار کیا کہ رواں سال اکتوبر میں اسلام آباد کے رخ کا اعلان کرنے والے اکتوبر 1999ء میں کہاں تھے؟
انہوں نے کہا کہ آپ الیکشن کے لیے اس لیے بے تاب ہیں کیونکہ 1988ء کے بعد پہلی مرتبہ ایوان سے باہر ہیں۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی نے یہ بھی کہا کہ اقتدار کی پچ پر لگاتار کھیلنے والوں کو سرکاری وسائل کے بغیر رہنے کی عادت ڈالنا ہوگی۔