اسلام آباد(اے پی پی) احتساب عدالت نے جعلی بینک اکائونٹس ریفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کے جسمانی ریمانڈ میں 10دن کی توسیع کرتے ہوئے انہیں دوبارہ نیب کے حوالے کر دیا ہے۔ آصف زرداری نے کہا کہ جسمانی ریمانڈ میں عید کے بعد تک توسیع کر دیں جس کے جواب میں جج احتساب عدالت نے کہا کہ ایک وقت میں دو ہفتے سے زیادہ ریمانڈ نہیں دیا جا سکتا۔ پیر کو نیب نے جعلی بینک اکائونٹس کیس میں گرفتار سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پراحتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی عدالت میں پیش کیا، نیب پراسکیوٹر کی جانب سے ملزمان سے تفتیش کے لیے ان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 10 دن کی توسیع کی استدعا کی گئی۔