• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اینٹی کرپشن کی جیل میں نواز شریف سے تفتیش، نیب کا حمزہ اور سلمان کے دفاتر پر چھاپہ،مریم،  حسن، حسین کی آج طلبی

لاہور(نمائندہ جنگ، مانیٹرنگ سیل، ایجنسیاں) پاکپتن اراضی کیس میں اینٹی کرپشن ٹیم نے سابق وزیر اعظم نواز شریف سے سوا گھنٹہ تفتیش کی۔تفتیشی ٹیم نے 1985کے کاغذات رکھے اور نواز شریف سے تفصیلات پوچھیں، نوازشریف نے جواب دیا کہ تمام قانونی تقاضے پورے کیے، یہ 34؍ سال پرانے کاغذات ہیں مجھے کچھ یاد نہیں۔ دوسری جانب نیب نے حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کے دفاتر پر چھاپہ مارا اور اہم ریکارڈ قبضہ میں لے لیا ۔ جبکہ نیب لاہور نے آج مریم نواز، انکے بھائیوں حسن اورحسین نواز اور کزن عبدالعزیز کو چوہدری شوگر ملز کیس میں آج طلب کررکھا ہے۔علاوہ ازیں اسحق ڈار کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، نیب نے منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کے شواہد حاصل کر لئے، سابق وزیر خزانہ کے مختلف بینک اکائونٹس سے ضبط شدہ 50 کروڑ روپے کی رقم صوبائی حکومت کو منتقل کر دی گئی ہے ۔جبکہ سرکاری تحویل میں لیا گیا بنگلہ نیلام کرنے کی تیاری بھی شروع کردی گئی ہے۔ ادھر نیب راولپنڈی نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں 2 ارب 12 کروڑ روپے پر مشتمل پہلی پلی بارگین منظور کرلی۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ٹیکنومین نیٹکس، سندھ نوری آباد پاور کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ، سندھ نوری آباد پاور کمپنی لمیٹڈ فیز 2 کے ڈائریکٹرز اور ملزم آصف محمود اور عارف علی سرکاری افسران اور دیگر کی ملی بھگت سے سندھ میں بجلی کی پیداواری منصوبوں میں کرپشن، اضافی شرح میں ملوث پائے گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکپتن اراضی کیس میں اینٹی کرپشن ٹیم نے سابق وزیر اعظم نواز شریف سے سوا گھنٹہ تفتیش کی اور 15 سوالات پر مشتمل سوالنامہ انکے سامنے رکھا۔ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن ساہیوال کی چار رکنی ٹیم کوٹ لکھپت جیل لاہور پہنچی اور پاکپتن اراضی کیس میں نواز شریف سے تفتیش کی۔تحقیقاتی ٹیم نے سوال کیا کہ کیا الاٹمنٹ کیلئے اخبار میں اشتہار دیا تھا، زمین کن بنیادوں پر دیوان قطب کو الاٹ کی گئی اور کن کن افسران کو الاٹمنٹ کا حکم نامہ جاری کیا گیا؟۔نواز شریف نے پھر یہی جواب دیا کہ بہت پرانا کیس ہے مجھے کچھ یاد نہیں، میں نے تمام قانونی تقاضے پورے کئے تھے مگر تفصیلات یاد نہیں، میں نے آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر ہی کام کیا، کبھی اختیارات سے تجاوز نہیں کیا اور پاکستان کی خدمت کی ہے۔ اینٹی کرپشن ٹیم بیان قلمبند کرنے کے بعد جیل سے روانہ ہوگئی۔ علاوہ ازیں آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں شہباز شریف ،حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کے گرد گھیرا مزید تنگ ہوگیا۔ نیب نے حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کے سرچ وارنٹ حاصل کر کے گلبرگ اور کیولری گرائونڈ میں موجود دفاتر پر چھاپہ مارا اور اہم ریکارڈ قبضہ میں لے لیا ۔دوسری جانب نیب لاہور نے آج مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز، انکے بھائیوں حسن اورحسین نواز اور کزن عبدالعزیز کو چوہدری شوگر ملز کیس میں آج طلب کررکھا ہے، طلب کیے گئے تمام افراد چوہدری شوگر مل میں شیئر ہولڈرز ہیں ۔

تازہ ترین