نئی دہلی (خالد محمود خالد)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ شیخ الاسلام ڈاکٹرعلامہ طاہر القادری نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت ایک دوسرے کے دشمن نہیںبلکہ دہشت گرد دونوںکے مشترکہ دشمن ہیں۔نئی دہلی کے رام لیلا میدان میں ورلڈصوفی فورم کے زیر اہتمام بین الاقوامی صوفی کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گرد پاکستان اور بھارت کو آپس میں لڑا رہے ہیں جس سے خطے کا امن متاثر ہو رہا ہے۔ داعش، القاعدہ اور طالبان معصوم عوام کو شہید کر رہے ہیں ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی وہ ایسا کر کے اسلام کی کوئی خدمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوفی ازم کا مطالعہ کرنے والے اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ داعش سے تعلق رکھنے والے جہاد نہیں بلکہ فساد کر رہے ہیں۔جبکہ صوفی ازم کا پرچار کرنے والے پاکستان اور بھارت میں دہشت گردوں کے خلاف بھر پور مہم چلا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ چار روزہ بین الاقوامی صوفی کانفرنس میں دنیا کے بیس سے زائد ممالک سے نامور اسکالرز نے شرکت کی۔ اس کانفرنس کا افتتاح وزیر اعظم نریندر مودی نے کیا تھا۔