• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی امریکی پیشکش پاکستان کی سفارتی کامیابی ہے، کشمیری رہنما

برمنگھم (نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو ایک سال مکمل ہونے پر برمنگھم میں پاکستان تحریک انصاف کشمیر مڈلینڈز کے سابق صدر چوہدری خادم حسین کی زیرصدارت برمنگھم کے مقامی ریسٹورنٹ میں یوم تشکر کی تقریب منعقد کی گئی۔ یوم تشکر کی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن سے کیا گیا ۔ تقریب سے کشمیر تحریک انصاف مڈلینڈ برمنگھم کے سابق صدر چوہدری خادم حسین اور سابق جنرل سیکرٹری برمنگھم رئوف مغل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف حکومت کے ایک سال مکمل ہونے اور وزیراعظم عمران خان کے کامیاب دورہ امریکہ اور سابق وزیراعظم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے پی ٹی آئی کشمیر کے دوبارہ صدر بننے کی خوشی میں کشمیر تحریک انصاف مڈلینڈ کی طرف سے یہ تقریب منعقد کی گئی۔ ہم آج کے دن کو یوم تشکر کے طور پر منا کر اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ ہم آزاد کشمیر میں ظلم و ناانصافی کے خلاف بھرپور جدوجہد کریں گے۔ عمران خان اور بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے وژن اور نظریات کو ریاست کے ہر فرد تک پہنچائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم قائد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی قیادت میں آزاد کشمیر کے اندر جلد پی ٹی آئی کشمیر کو برسر اقتدار لائیں گے ۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا امریکہ کے کامیاب دورے کے بعد نیو اسلام آباد ائر پورٹ پر پرتپاک استقبال اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ آنے والا وقت کشمیر پی ٹی آئی کا ہے۔ یوم تشکر کی تقریب سے پارٹی کے دیگر سینئر رہنمائؤں نے بھی خطاب کیا، جن میں عابد زمان خٹک، ناصر خان، انجینیئر چوہدری محمد تنویر، چوہدری امجد حسین، چوہدری رخسار، غضنفر محمود، رانی عارف، زبیدہ خان، چوہدری کرامت حسین رٹوی، عارف کیروی، اشتیاق زرگر، چوہدری محمد رزاق، ساجد ولی اور دیگر رہنمائؤں نے بھی اپنے خطاب میں کہا کہ سابق وزیراعظم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا دوبارہ صدر منتخب ہونا نیک شگون ہے اور پارٹی مزید مضبوط ہو گئی۔ پی ٹی آئی کشمیر کے پودے کو آزاد کشمیر میں تناور درخت بنانے کا تمام تر کریڈٹ قائد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو ہی جاتا ہے۔ ہم وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو مبارکباد پیش کرتے ہے کہ انہوں نے کشمیریوں کی خواہشات کو مدنظر رکھتے ہوئے بیرسٹر سلطان محمود کو دوبارہ کشمیر پی ٹی آئی کا صدر نامزد کر دیا ہے وزیر اعظم عمران خان نےجس طرح واشنگٹن میں امریکی صدر ٹرمپ کے ساتھ وائٹ ہائوس میں ملاقات کر کے مسئلہ کشمیر پر بات چیت کی اس سے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کو آزادی کی ایک کرن نظر آ رہی ہے، وہ وقت دور نہیں جب قائد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں مسئلہ کشمیر حل ہو گا یوم تشکر کی تقریب میں سینئر رہنماؤں کے علاوہ کارکنوں کی ایک بہت بڑی تعداد نے بھی بھرپور شرکت کی۔

تازہ ترین