مسلم لیگ نون کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عدالت میں کیس ثابت ہو گیا تو میں عدالت سے اور اپنی قوم سے معافی مانگ لوں گا۔
لاہور کی احتساب عدالت میں رمضان شوگر ملز ریفرنس کی سماعت ہوئی جس کے دوران نیب حکام نے حمزہ شہباز کو جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر پیش کیا۔
حمزہ شہباز کے والد، مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف سینیٹ الیکشن کے سلسلے میں اسلام آباد میں ہونے کے باعث عدالت میں پیش نہ ہو سکے۔
احتساب عدالت کے جج وسیم اختر نے بطور ڈیوٹی جج رمضان شوگر ملز ریفرنس کی سماعت کی۔
احتساب عدالت لاہور نے حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 9 اگست تک توسیع کر دی۔
اس موقع پر عدالت نے حمزہ شہباز سے سوال کیا کہ آپ کچھ کہنا چاہتے ہیں؟
حمزہ شہبازنے کہا کہ میں بڑا گنہگار انسان ہوں لیکن نیب حکام الزامات کو سچ ثابت کر کے دکھائیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عدالت میں کیس ثابت ہو گیا تو میں عدالت سے اور اپنی قوم سے اس پر معافی مانگوں گا۔