اسلام آباد(صباح نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کیلئے تحریک انصاف کی جانب سے دائر درخواست پر فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا جو 27اگست کو سنایا جائے گا، چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ سزا معطلی سے بہتر ہے عدالتیں بری کردیا کریں، یہ کونسا قانون ہے اپیل میں سزا ہی معطل کردی جائے۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار محمد رضا خان کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی ملیکہ علی بخاری کی دائر درخواست کی سماعت کی۔ دوران سماعت مریم نواز کے وکیل بیرسٹر ظفر اللہ خان کا کہنا تھا مریم نواز کے خلاف درخواست ناقابل سماعت ہے۔