وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالات کی سنگینی محسوس کرتے ہوئے مثبت بات کی ہے،ان کے مشکور ہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کشمیر پر مذاکرات سے کترا رہا ہے، مسئلہ کشمیر کو دو طرفہ معاملہ کہتا ہے، لیکن دو طرفہ نشست کے لیے بھی تیار نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت مذاکرات کے لیے آسانی سے نہیں مانے گا، امریکا اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ہمارا کل بھی امن کا پیغام تھا اورآج بھی ہے، معاملات بگڑتے جارہے ہیں، آج اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو مراسلہ ارسال کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا رویہ خطے کے امن و استحکام کی راہ میں رکاوٹ ہے، خطے میں امن ہوگا تو سب کیلئے فائدہ مند ہوگا۔
شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ کشمیر کے معاملات بگڑ رہے ہیں، اس پر اقوام متحدہ کے ہیومن رائٹس کمیشن کی رپورٹ آچکی ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ انہیں تشویش ہے کہ آنے والے دنوں میں مزید بگاڑ پیدا ہوگا،ہمارا فوکس کل بھی امن تھا آج بھی امن ہے ،مل بیٹھ کر تیزی سے بگڑتے مسئلے کا حل تلاش کیا جائے۔