وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بین الاقوامی برادری بھارت کے کلسٹر ایمونیشن استعمال کا نوٹس لے۔
ایک بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی پامالی سب کے سامنے ہے، اب انہوں نے کلسٹر ایمونیشن کا استعمال شروع کر دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے کلسٹر ایمونیشن کے استعمال کا بین اقوالامی برادری کو نوٹس لینا چاہیے، ہمارے پاس شواہد اور تصاویر آگئی ہیں، ہم پی فائیو کے سفیروں کو بلارہے ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگیا ہے، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال ان کے ہاتھ سے نکل چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ بھی دو بار پیش کش کرچکے ہیں کہ ثالثی کا کردار ادا کرنا ہے تو وہ بھی تیار ہیں، بھارت ثالثی اور نہ ہی دو طرفہ بات چیت کےلئے تیار ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت اب نیا حادثہ چاہتا ہے، جس کی بنیاد پر وہ دنیا کے سامنے پاکستان کو نشانہ بناسکے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ دنیا پاکستان کی امن کی خواہش دیکھ رہی ہے، میں زلمے خلیل زاد کو نوٹس میں بھی یہ بات لایا ہوں۔