راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) بہت جلد ہم سب مل کر راولپنڈی کو پورے پاکستان کا سب سے زیادہ خوبصورت اور صاف ستھرا شہر بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی آصف محمود نے گلورئیس راولپنڈی پروجیکٹ ٹاسک فورس کی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین پی ایچ اے نے ٹاسک فورس کے ٹی او آرز پر تمام محکموں کے سربراہان سے تبادلہ خیال کیا۔ ٹی او آر میں راولپنڈی شہر کی خوبصورتی اور عوام کی سہولیات پر مبنی تجاویز شامل ہیں جن میں ٹریفک کے مسائل پر غور اور انکے حل کیلئے اقدامات‘ تجاوزات کے مسئلہ سے نمٹنے، پرانی عمارتوں کو محفوظ کرنے اور اُنکی اصل شکل میں بحالی، راولپنڈی شہر کی سیاحت کا فروغ، بس سٹاپس، بجلی کی بے ہنگم اور خطرناک تاروں کو محفوظ بنانے کیلئے انہیں زیر زمین کرنا اور پبلک باتھ رومز شامل ہیں۔ آصف محمود نے اس بات کا اعادہ کیا کہ راولپنڈی کے مسائل کا خاتمہ کرنے اور اسکی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔