کراچی (اسٹاف رپورٹر) سوئی سدرن گیس اور نیشنل بنک نے 65 ویں ایئرمارشل نورخان قومی ہاکی چیمپئن شپ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ۔ فائنل پیر کو شام چار بجے عبد الستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں ہوگا۔ اتوار کو پہلے سیمی فائنل میں نیشنل بینک نے واپڈا وائٹ کو 1-3 سے شکست دی۔ فاتح ٹیم کو فارورڈ عتیق نے فیلڈ گول کے ذریعہ برتری دلائی جسے بلال قادر نے گول بناکرمستحکم کردیا جبکہ بلال قادر نے ٹیم کا تیسرا گول بھی کیا۔ واپڈا وائٹس کی جانب سے واحد گول فارورڈ شجیع احمد نے کیا۔ دوسرے سیمی فائنل میں سوئی سدرن گیس نے واپڈا کلر کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے مات دی۔ پہلے کواٹر میں علیم بلال نے واپڈا کلر کو برتری دلا دی جسے سوئی سدرن گیس کے مبشر نے گیند جال میں پہنچا کر ختم کیا۔ میچ کا فیصلہ کن گول مبشر علی نے اسکور کرکے سوئی سدرن کو فتح دلادی۔سیمی فائنل کے مہمانان خصوصی 1984 اولمپکس کے فاتح کپتان منظور جونیئر اور صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن خالد سجاد کھوکھر تھے۔