کراچی(اسٹاف رپورٹر)دفاعی چیمپئن نیشنل بینک نےایئرمارشل نورخان قومی ہاکی چیمپئن شپ کے فائنل میں پنالٹی شوٹ آئوٹ پر سوئی سدرن گیس کو6-5 سے شکست دے کر اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا۔ نیشنل بنک نے چھٹی مرتبہ قومی اعزاز حاصل کیا ہے، پیر کو ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں واپڈا کلر نے واپڈا وائٹس کو7-6 سے شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کی، فائنل میں مقررہ وقت تک میچ ایک، ایک گول سے برابر رہا۔سوئی سدرن گیس کے مبشر علی نے پنالٹی کارنرپرگول کیا جسےارسلان قادر نے برابر کیا۔ پنالٹی شوٹ آئوٹس میں سوئی سدرن نے ایک شوٹ ضائع کیا۔ بعدازاں رنگا رنگ تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ ہاکی فیڈریشن کے صدر خالد سجاد کھوکھر نے وزیراعلی ٰکو خصوصی شیلڈ پیش کی جبکہ وزیر اعلی کی جانب سے بریگیڈیئر ( ر) خالد سجاد کھوکھر، ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اولمپئن حنیف خان، سیکرٹری کے ایچ اے حیدر حسین و دیگر کوشیلڈز پیش کی گئیں۔