• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سائنسدانوں نے وزن گھٹانے کیلئے 6؍ پر اثر طریقے بتا دیے

کراچی (نیوز ڈیسک) ہم جانتے ہیں کہ ہماری زندگی کے کئی ایسے پہلو ہیں جو وزن بڑھنے کا سبب بنتے ہیں، ان پہلوئوں کا براہِ راست تعلق ہمارے طرز زندگی (لائف اسٹائل) اور جینیاتی کوڈ سے ہے لیکن، اب سائنسدانوں نے 6؍ ایسی مخصوص ورزشوں کی نشاندہی کی ہے جو تحقیق اور سروے کے مطابق وزن کم کم رکھنے میں موثر ثابت ہوئی ہیں، چاہے جینیاتی طور پر آپ کا کوڈ موٹاپے کی طرف مائل ہی کیوں نہ ہو، یہ ورزشیں آپ کا وزن کم رکھنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔ سائنس جریدے کی رپورٹ کے مطابق، ماہرین نے تائیوان میں 30؍ سے 70؍ سال کے افراد پر تحقیق کی جس کے نتائج سے معلوم ہوا کہ باڈی ماس انڈیکس کم کرنے میں باقاعدگی کے ساتھ جاگنگ، پہاڑ چڑھنے، چہل قدمی، تیز چہل قدمی (پاور واکنگ) اور رقص (بین الاقوامی معیار کے مطابق) اور طویل یوگا کے ذریعے وزن کو نمایاں حد تک اور موثر انداز سے کم رکھا جا سکتا ہے۔ لیکن حیران کن بات یہ سامنے آئی ہے کہ جن ورزشوں کو ہم وزن کم کرنے کے معاملے میں اہم سمجھتے تھے وہ موثر انداز سے وزن گھٹانے میں معاون نہیں ہیں۔ ان میں تیراکی اور ویڈیو گیم (ڈانس ڈانس) کے ذریعے رقص کی ٹریننگ کا سافٹ ویئر شامل ہے۔ پی ایل او ایس جینیٹکس نامی جریدے میں شائع ہونے والے تحقیقی مقالے میں بتایا گیا ہے کہ باقاعدگی کے ساتھ مذکورہ 6؍ ورزشیں کی جائیں تو موٹاپے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ ماہرین کے مطابق، ان ورزشوں سے نہ صرف باڈی ماس انڈیکس کم ہوتا ہے بلکہ باڈی فیٹ پرسنٹیج، کمر کا گھیر (ویسٹ سرکمفیرنس)، کمر کا نچلے حصے کا گھیر (ہِپ سرکمفیرنس) اور کمر اور کمر سے نچلے حصے کے تناسب (ویسٹ ٹوُ ہپ ریشو) بھی کم ہوتا ہے۔ سائنسدانوں کے مطابق، وزن گھٹانے کیلئے ہفتے میں تین دن 30؍ منٹ کی باقاعدگی کے ساتھ جاگنگ انتہائی موثر ثابت ہوتی ہے۔ تائیوان کی نیشنل یونیورسٹی کے محقق وان یو لین کا کہنا ہے کہ موٹاپے کی بنیادی وجہ جینیاتی پہلو اور طرز زندگی ہے، جن میں سے جینیاتی پہلو ہمیں پیدائش میں ملتے ہیں جبکہ لائف اسٹائل یعنی طرز زندگی ہم خود اپنی پسند سے اختیار کرتے ہیں، جنہیں تبدیل کرنے سے زندگی میں اہم تبدیلیاں واقع ہوتی ہیں۔
تازہ ترین