• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر کا مقدمہ لڑنے والی مریم کو گرفتار کیا گیا، احسن اقبال

مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ آج کشمیر کا مقدمہ لڑنے والی مریم نواز کو گرفتار کیا گیا ہے۔

سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی اور نون لیگ کی نائب صدر مریم نواز کی گرفتاری پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے نون لیگ کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ آج انتہائی قدم اٹھایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے قوم کے اتحاد کو تار تار کر دیا گیا ہے، عمران خان ہم تمہاری گرفتاریوں سے نہیں ڈرتے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں نہیں پتہ تھا کہ یہاں مودی کے یاروں کی حکومت ہے، وہ بیٹی کشمیرکا مقدمہ لڑ رہی تھی، اس نے 15 اگست کو مظفر آباد جا کر بھارت کو پیغام دینے کا اعلان کیا تھا، اس بزدل حکومت نے اسے گرفتار کر لیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے کشمیر کی خاطر مشترکہ اجلاس میں یکجہتی کا پیغام دیا تھا،جس کے24 گھنٹوں کے دوران اس خاتون کو گرفتار کیا گیا جس نے 2 روز پہلے سرگودھا میں اظہارِ یکجہتی کشمیر ریلی نکالی۔

احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے منی لانڈرنگ کی، جبکہ ہم نے پاکستان میں پیسہ لا کر یہاں کے لوگوں کو روزگار فراہم کیا۔

انہوں نے سوال کیا کہ پاکستان میں پیسہ لانا جرم ہے یا بیرون ملک جائیدادیں بنانا؟

رہنما نون لیگ نے کہا کہ حکومت جو کشمیر پر سودا کر کے آئی ہے اس کا حساب لیا جائے گا، ہم پاکستان اور کشمیر کا مقدمہ لڑیں گے۔

تازہ ترین