• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی ترقیاتی کونسل اجلاس ،گوادر کے ماسٹر پلان ، سی پیک اتھارٹی قائم کرنیکی منظوری

اسلام آباد(خبرایجنسی) قومی ترقیاتی کونسل نے گوادر کے ماسٹر پلان کی منظوری دیدی ، تیل گیس ، معدنیات ، قدرتی وسائل کے منصوبوں میں مزید بہتری کیلئے سائنسی بنیادوں پر سروے کا فیصلہ کرلیا گیا،قومی ترقیاتی کونسل نے سی پیک اتھارٹی قائم کرنے کی منظوری دیدی ہے، سی پیک منصوبوں پر فاسٹ ٹریک بنیادوں پر کام کو یقینی بنایا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت جمعرات کو قومی ترقیاتی کونسل کا پہلا اجلاس ہوا جس میں بلوچستان کے ترقیاتی پلان ، گوادر کے ماسٹر پلان، سی پیک اتھارٹی کے قیام ،قبائلی اضلاع کے ترقیاتی پلان 2019-20ء کا جائزہ لیا گیا، بلوچستان کے ترقیاتی پلان بشمول صوبے میں سیکورٹی کی سازگار فضا،بارڈر مینجمنٹ، ریاستی رٹ میں مزید بہتری،سماجی معاشی حالات میں بہتری کیلئے ادارہ جاتی اصلاحات اور بلوچستان کے عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنے کیلئے مختلف سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بلوچستان میں ماضی میں رابطوں کے فقدان، معاشی حالات، سیکورٹی چیلنجز، وسائل کی تقسیم کے حوالے سے بدانتظامی اور غربت میں اضافے کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ بلوچستان میں گزشتہ آٹھ سالوں کے دوران استعمال ہونے والے بجٹ کی تفصیلات پر غور کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بدانتظامی کے نتیجے میں بلوچستان کا 45فیصد ترقیاتی بجٹ ضائع اور بدعنوانی کی نذرہوگیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلوچستان کے ترقیاتی وسائل میں سالانہ بنیادوں پر اضافے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
تازہ ترین