• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امید ہے کہ بھارت کے اندر ایک اور پاکستان بنے گا،سراج الحق

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ آج کراچی کی خواتین نے بھی سڑکوں پر نکل کر اور کشمیری خواتین اور عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کر کے ثابت کردیا ہے کہ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کی پشت پر ہے،کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے،کراچی سے چترال تک قوم کو منظم کریں گے، یہ کسی زمین کے حصول کی لڑائی نہیں اسلام اور نظریے کی جنگ ہے، یہ ایک طویل جنگ ہے اپنے حوصلوں کو بلند رکھناہوگا،پاکستان عوام نے بنایا تھا اور عوام ہی اس کا تحفظ کریں گے، امید ہے کہ بھارت کے اندر ایک اور پاکستان بنے گا اورمقبوضہ کشمیرمیں آزادی کا سورج ضرورطلوع ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے تحت نیو ایم اے جناح روڈ پر کشمیر میں مظلوم نہتے کشمیریوں پر بھارتی جارحیت اور کالے قانون کے تحت آرٹیکل 370،35اے کو ختم کرکے کشمیریوں کے حقوق سلب کرنے کے خلاف خواتین کے ایک احتجاجی مظاہرے سے آڈیوخطاب کرتے ہوئے کیا۔ مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن، نائب امیر کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی، ڈپٹی سکریٹری کراچی یونس بارائی و دیگرنے بھی خطاب کیا۔ مظاہرے میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین پاکستان کی مرکزی جنرل سکریٹری دردانہ صدیقی، ناظمہ کراچی اسماء سفیر و دیگر خواتین ذمہ داران سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

تازہ ترین