اسلام آباد(صباح نیوز)جعلی بینک اکائونٹس کیس میں سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو عدالت میں پیش کیا گیا۔عدالت نے آصف علی زرداری کے جسمانی ریمانڈ میں 8 دن کی توسیع کر دی۔تفتیشی افسر نے عدالت کے گوش گزار کیا کہ تفتیش کے دوران بہت سی نئی چیزیں سامنے آئی ہیں۔جج نے استفسار کیا کہ جو کچھ آپ کہہ رہے ہیں کیا آپ نے یہ سب کچھ ڈائری میں لکھا ہے؟۔ تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ اصل دستاویزات اور مہریں برآمد کی ہیں۔تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ آصف علی زرداری کے جسمانی ریمانڈ میں 8 روز کی توسیع کی جائے۔انہوں نے سابق صدر کی ہمشیرہ فریال تالپور کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا بھی کی۔آصف زرداری اور فریال تالپور کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ ریمانڈ میں توسیع کرنا ہے تو کر دیں، ہمیں اس پر کوئی اعتراض نہیں۔عدالت نے آصف علی زرداری کے جسمانی ریمانڈ میں 8 دن کی توسیع کرتے ہوئے نیب کو انہیں 16 اگست کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کاحکم دیا۔