وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کہتے ہیں کہ پاکستان نے بھارت جانے والی ایک اور ٹرین تھر ایکسپریس کو بھی بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ آج رات 12 بجے ہم نے آخری تھر ایکسپریس کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس وسائل نہیں ہیں کہ ہم میرپور خاص میں بھارتی مسافروں کی سیکیورٹی کی ذمہ داری لے سکیں۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ کشمیریوں کے ساتھ ظلم ہوا ہے، بھارت کی جانب سے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑائی گئی ہیں، راول پنڈی کی لال حویلی کا سری نگر کے لال چوک کے ساتھ خون کا رشتہ قائم ہے۔
وزیر ریلوے نے یہ بھی کہا کہ ہم جنگ نہیں چاہتے، لیکن کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کے ساتھ جو کھڑا نہ ہو وہ غدار ہے۔
بھارت کی جانب سے کشمیریوں پر ظلم و زیادتی روا رکھنے اور مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے پر پاکستان نے احتجاجاً گزشتہ روز پاک بھارت چلنے والی سمجھوتا ایکسپریس کو بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔
واضح رہے کہ سمجھوتا ایکسپریس لاہور سے بھارتی دارالحکومت دہلی تک چلتی تھی جبکہ تھر ایکسپریس کراچی سے بھارت کی سرحد پر واقع سندھ کے ضلع تھرپارکر کے قصبے کھوکھراپار کے زیرو پوائنٹ ریلوے اسٹیشن سے ہوتی ہوئی بھارتی ریاست راجھستان کے موناباؤ ریلوے اسٹیشن تک چل رہی تھی۔