• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت سے تجارتی سفارتی ثقافتی تعلقات کی معطلی اچھا اقدام، تجزیہ کار

کراچی (ٹی وی رپورٹ) سینئر تجزیہ کار صحافی مظہر عباس نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت سے تجارتی ، سفارتی اور ثقافتی تعلقات معطلی کا قدم اچھا اٹھایا ہے بھارت نے خود اپنے ہی آئین کی خلاف ورزی کی،تجارت کی معطلی سے پاکستان کو نہیں انڈیا کو ہی نقصان ہو گا۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام رپورٹ کارڈ میں میزبان ابصاء کومل کے سوالات کا جواب دے رہے تھے۔تجزیہ کار سلیم صافی نے کہا کہ انڈیا کی طرف سے کھلی جارحیت ہوئی ہے کشمیر کے معاملے پر ہم تو پیش رفت کی توقع کر رہے تھے پاکستان کی اس وقت داخلی کمزوریاں نہ ہوتیں تو انڈیا کو اس طرح کی حرکت کی ہمت بھی نہ ہوتی۔ تجزیہ کار محمل سرفراز کا کہنا تھا کہ تعلقات کی معطلی سے تنازعہ کشمیر کے حل میں مدد نہیں مل سکتی۔ہمارے وزیراعظم ابھی تک کیوں غیر ممالک کے دورے پر نہیں گئے ان کو تو آزاد جموں کشمیر میں جاکر ریلی بھی کرنا چاہئے وزیراعظم سعودی عرب، روس، امریکا، چائنا، یو اے ای کا دورہ کریں بے شک وہ ساتھ نہ دیں مگر آپ اپنی بات کہہ تو سکتے ہیں۔ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ افسوس کی بات ہے کہ جب کشمیر کے حوالے سے پارلیمنٹ کی مشترکہ قرار داد پاس ہورہی تھی اس وقت نہ عمران خان، شہباز شریف، زرداری اور بلاول موجود نہیں تھے۔چین کی کوششیں کتنی اہم ہوسکتی ہیں ؟ محمل سرفراز کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی طور پر تنہا ہے ہم تو اپوزیشن کی گرفتاری میں مصروف ہیں پوری دنیا میں پہلے ہی یکطرفہ احتساب کا پیغام جارہا ہے ۔ارشاد بھٹی نے کہاکہ یہ مفادات کی دنیا ہے اور چین تجارتی حوالے سے بھارت کا ایک بڑا پارٹنر ہے اس لئے میری نظر میں 50 ، 50 چانس ہے کہ چین کی کوششیں کوئی اہم کردار ادا کرسکتی ہیں ۔ سلیم صافی نے کہا کوئی بھی ملک ، دوسرے ملک کی خاطر نہ کسی سے لڑتا ہے اور ناں وہ اپنے مفادات کو مقدم رکھتا ہے، وزراء اور دیگر رہنماؤں نے سی پیک کے حوالے سے جو بیانات دیئے اس سے چین کی تشویش میں اضافہ ہوا چین ہمارے خاطر لڑے گا نہیں لیکن سو فیصدی ہمارے ساتھ ہوگا ۔حفیظ اللہ نیازی نے کہا کہ چین اپنے بیان میں کہہ چکا ہے کہ پاکستان بھارت دونوں ہی میرے پڑوسی ہیں اس لئے کشمیر کے معاملے پر چین کی اہمیت اتنی زیادہ نظر نہیں آرہی۔ مظہر عباس نے کہا مجھے لگتا نہیں کہ سیکورٹی کونسل میں ہم قرار داد پیش کرسکیں کیونکہ اگر ایک بھی ویٹو ہوگیا تو انڈیا کی پوزیشن مضبوط ہوجائے گی اس وقت صرف حکومت کا ہی نہیں اپوزیشن سطح پر بھی ہمارا رویہ شرمناک ہے اپوزیشن صرف پوائنٹ اسکورنگ کررہی ہے ۔
تازہ ترین