کراچی میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے والے تین نوجوانوں میں سے دو کو سپرد خاک کردیا گیا، جبکہ ان کے ساتھی طلحہ کی تدفین پنجاب میں کی جائے گی ۔
ڈیفنس میں کرنٹ کا شکار ہونے والے تینوں نوجوان طلحہ ، حمزہ اور فیضان ایک ہی بلڈنگ کے رہائشی اور بچپن کے دوست تھے ، اور بارش انجوائے کرنے کے لیے تینوں موٹرسائیکل پر نکلے تھے ، مگر کسے پتا تھا کہ وہ سڑک پر گری بجلی کی تار کا نشانہ بن کر موت کے منہ میں چلے جائیں گے ۔
کراچی کے یہ تینوں نوجوان چند ہی لمحوں میں اس ناگہانی حادثے کا شکار ہوگئے، فیضان والدین کا واحد سہارا تھا اور پرائیویٹ جاب کرتا تھا، جبکہ طلحہ سی اے کررہا تھا اور موت کے وقت روزے کی حالت میں تھا۔
عید کے روز تین جواں سال جنازے اٹھنے پر ہر آنکھ اشکبار تھی ، نماز جنازہ میں اہل محلہ کی بڑی تعدا د نے شرکت کی ۔
فیضان اور حمزہ کی تدفین مقامی قبرستان میں کردی گئی جبکہ طلحہ کی تدفین پنجاب میں کی جائے گی۔