• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر شاہ محمود کا روسی ہم منصب سے رابطہ

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے روسی ہم منصب سرگئی لاروف کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال سے آگاہ کردیا۔


شاہ محمود قریشی نے سرگئی لاروف سے ٹیلیفونک رابطہ  کیا اور کہا کہ بھارت، غیر آئینی اقدامات کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کے آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنے کے درپے ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے کشمیر میں کرفیو لگا رکھا ہے جس کے باعث کشمیری عوام مشکلات اور تکالیف میں مبتلا ہیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق روسی وزیر خارجہ سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت کے یہ یکطرفہ اقدامات نہ صرف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے خلاف ہیں بلکہ بین الاقوامی قوانین کے بھی صریحاً منافی ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ ہندوستان کے حالیہ غیر آئینی اقدامات خطے میں امن و امان کیلئے شدید خطرات کا باعث ہو سکتے ہیں ۔

روسی وزیر خارجہ نے بھارت کے ساتھ تمام تصفیہ طلب امور کو پُرامن طریقے سے حل کرنے کی اہمیت پر زور دیا ۔

سرگئی لاروف نے مزید کہاکہ روس اس ساری صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

تازہ ترین