• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حالات مشکل ہیں،اتحاد سے مقابلہ کرنا ہوگا،ڈاکٹر خالد عراقی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہاکہ یوم آزادی کے موقع پر قوم کے ولولہ انگیز جذبات قابل ستائش ہیں اور یہ ہی ایک زندہ قوم کی نشانی ہے کہ وہ اپنے یوم آزادی کو بھر پور جو ش وجذبے اور ولولہ انگیزی سے مناتی ہے۔پاکستان مشکل حالات سے گزررہاہے اور ہم سب کو ملکر ان حالات کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے 72 ویں یوم آزادی اوریوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر جامعہ کراچی کے دفترمشیرامورطلبہ کے زیراہتمام انتظامی عمارت کے سامنے سبزہ زارپر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ آزادی کے دن ہمیں مظلوم کشمیریوں کو بھی یاد رکھنا چاہیئے جو بھارتی افواج کے ظلم تلے دبے ہوئے ہیں،پوری پاکستانی قوم مسئلہ کشمیر، اپنے حقوق کے تحفظ اور ملک کی حفاظت کے لئے متحد ،یک جان اور تیار ہیں۔کشمیر ہماری شہ رگ اورپاکستان کا حصہ ہے۔آرٹیکل370 کی منسوخی کے ذریعے کاغذوں سے توکشمیر کو نکالاجاسکتا ہے لیکن پاکستانیوں کے دل سے نہیں۔ جامعہ کراچی کا ایک ایک استاد،طالبعلم اور عملہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے اور ہرطرح کی قربانی کے لئے تیار ہیں۔ہم اپنے ملک کی ترقی اور اس کی حفاظت کے لئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔آزادی کی اہمیت سے کوئی انکار نہیں کیا جاسکتا دنیا کے جن خطوں میں لوگ غلامی کی زنجیر میں جکڑے ہوئے ہیں انہیں ہی آزادی کی قدر و اہمیت کا سب سے زیادہ اندازہ ہوگا فلسطین ،کشمیر سمیت دنیا کے دیگر حصوں میں غلامی اور ریاستی جبر کا شکار قومیں ہی آزادی کے لئے سراپا احتجاج ہے اور آزاد وطن کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں کشمیر کے مسلمان بھارتی افواج اور حکومت کی جبر و استحصال کے باوجود آزادی کی تحریک کے لئے برسر پیکار ہے یہ بات دنیا جانتی ہے کہ کشمیر یوں کی آزادی میں بھارتی قدعن اور جبر شامل ہے مملکت خداداد پاکستان کا شمار دنیا کے آزاد اور اسلامی فلاحی ریاست میں ہوتا ہے ہمارے ملک میں عوام کو جس قدر آزادی حاصل ہے اس کی مثال نہیں ملتی یہاں پر بسنے والے تمام مذاہب اپنے عقائد کے مطابق زندگی بسر کررہے ہیں کہیں پر ریاستی جبر یا آزادی چھیننے کا تصور نہیں۔

تازہ ترین