• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دورِ جدید میں اب چھتیں سیدھی سادی یا صرف کنکریٹ کی نہیں ہوتیں بلکہ زمانے کے رنگ میں رنگ کر مختلف اشکال و انداز کو اختیار کیا جارہا ہے۔ اگر بیسمنٹ کی چھت کی بات کریں تو ہمارے پاس دو آپشنز ہوتے ہیں، ڈرائی وال (Drywall) سیلنگ یا ڈراپڈ (Dropped) سیلنگ۔ بعد والاآپشن سستا اور نصب کرنے میں آسان ہوتاہے، اس کے لیے بہت زیادہ اوزاروںکی ضرورت پڑتی ہےجبکہ ڈرائی وال سیلنگ میں آپ کو ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ انڈسٹریل اسٹائل بھی ٹرینڈ کا حصہ ہے اور اگر صرف پتھروں کی چھت بنوائی جائے تو وہ بھی عمدہ نظارہ پیش کرتی ہے۔ دراصل آپشنز تو بہت سارے ہیں مگر یہ آپ کے بجٹ پر منحصر ہے کہ اپنے گھر کی چھت کو کس طرح آراستہ کرنا ہے۔ چھت یا سیلنگ کے حوالے سے کچھ ٹرینڈز آپ کی خدمت میں پیش ہیں۔

اسٹریچ سیلنگ

اسٹریچ سیلنگ بنوانا تھوڑا مہنگا ہوتاہے لیکن جب ایک بار آپ اسے بنوالیتے ہیں تو دوسرے داد دیے بغیر نہیں رہتے۔ نچلی منزل یا بیسمنٹ کی چھت کیلے اس قسم کا اسٹائل بہت کارآمد ہوتا ہے کیونکہ بیسمنٹ میں رطوبت یا نمی زیادہ ہونے کے باوجود آپ کو اسٹریچ سیلنگ پریشان نہیں کرتی اور آپ پرسکون وقت گزارسکتے ہیں۔ اس قسم کی سیلنگ کی تنصیب کے لیے آپ کو فرنیچر بھی ادھر ادھر کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی اور نہ ہی کسی قسم کا بکھیڑا ہوتا ہے۔

معلق سیلنگ

بیسمنٹ کے علاوہ گھر کی دیگر منرلوں میں بھی معلق چھت بنوانے کا رواج عا م ہے۔ اس کے لیے میٹل فریم کی ضرورت ہوتی ہے، جو شہتیروں کے سہارے چھت کا احاطہ کرتاہے۔ اس فریم میں آپ ٹائلز نصب کرتے ہیں جو دیدہ زیب لگتے ہیں، البتہ اس سے پہلے آپ کو فریم پر کچھ کام کروانا پڑتا ہے تاکہ ٹائلز اچھی طرح فٹ ہوجائیں۔ بہت سے لوگ اس اسٹائل کو اس لئے بھی پسند کرتے ہیں کہ اسے بآسانی ہٹاکر نیا نصب کیا جاسکتاہے۔ اگر آپ اپنے گھر کی چھت کو شاندار بنانا چاہتے ہیں تومعلق چھت بہترین آپشن ہے۔ اس میں فریم سے لے کر ٹائلز تک آپ مختلف انداز اور رنگ منتخب کرسکتے ہیں۔ یہ اسٹریچ سیلنگ کے مقابلے میں کفایتی ہوتی ہے۔

ایکوسٹک سیلنگ ٹائلز

بیسمنٹ سیلنگ کاسب سے بڑا مسئلہ اس میں پیدا ہونے وا لا شور ہوتاہے کیونکہ بیسمنٹ کے اوپر والی منزل پر جب لوگ اُچھل کود کرتے یا وزن دے کر چلتے ہیں تو نیچے بہت آواز پیدا ہوتی ہے۔ اگر آپ اپنے بیسمنٹ کو گیسٹ روم کے طور پر بنانا چاہتے ہیں یا یہاں کچھ وقت سکون سے گزارنا چاہتے ہیں تو ایسے میں آپ کو پریشانی کا سامنا ہوگا۔ اس کیلئے آپ کو ایکوسٹک (Acoustic) سیلنگ ٹائلز لگانے کی ضرور ت ہوگی۔ ایکوسٹک سیلنگ ٹائلز آواز کو کم کرنے کیلئے ڈیزائن کیےگئے ہیں۔ بیسمنٹ کے اوپرموجود کمرے کے فرش پر اور سیڑھیوں پر چڑھنے اور اترنے کی وجہ سے پیدا ہونے والا شور کم یا بالکل ختم ہو جاتا ہے۔ اس قسم کی بیسمنٹ اور سیلنگ تخلیقی لوگوں کیلئے بہترین ہوتی ہے، خاص طور موسیقاروں کے لیے کیونکہ انہیں سائونڈ پروف ماحول درکا رہوتا ہے۔

ڈیکوریٹیو سیلنگ ٹائلز

سیلنگ ٹائلز کی خصوصیت یہ ہے کہ آپ اس کو اپنی مرضی سے ڈیکوریٹ بھی کرسکتے ہیں۔ چھت پر کچھ ڈیکوریٹیو (Decorative) سیلنگ ٹائلز لگانے سے کمرہ منفرد کھائی دینے لگتاہے۔ مختلف ڈیزائن والے ٹائلز لگانا زیادہ مشکل نہیں لیکن تھوڑا مہنگا ہوسکتا ہے۔ ا س کا مطلب ہے، آپ جتنا زیادہ ڈیکوریٹیو سیلنگ ٹائلزپر خرچ کریں گے، اتنی ہی زیادہ سجاوٹ بیسمنٹ کی چھت پر نظر آئے گی۔

ڈرائی وال سیلنگ

اگر آپ اپنے بجٹ کے مطابق بیسمنٹ کی چھت بنانا چاہ رہے ہیں تو ڈرائی وال (Drywall)ایک عمدہ انتخاب ہوسکتا ہے۔ یہ آپ کی جیب پر زیادہ بوجھ بھی نہیں ڈالے گا اوربآسانی لگ بھی جائےگا۔ لٹکے ہوئے ڈرائی وال کا بہرحال ایک پروسیس ہوتا ہے، جس میں کچھ وقت بھی لگتاہے لیکن جب یہ اسٹائل سامنے آتاہے تو قابل قدر ہوتاہے۔ اگر آپ سیلنگ کو قدرتی رنگ دینا چاہتے ہیں تو ڈرائی وال کا انتخاب کریں، آپ کا بیسمنٹ بھی آپ کو گھر کے دوسرے کمروں کی طرح ہی نظر آئے گا۔ چھت کی اس خاصیت کی وجہ سے آپ بیسمنٹ کو گیسٹ روم بھی بنا سکتے ہیں۔

ووڈن پلانک سیلنگ

لکڑی کے شہتیروں یا گارڈر سے بنی چھت بھی ایک بہتر آپشن ہے اور بیسمنٹ کی چھت کے لیے یہ بہت زبردست دکھائی دیتی ہے۔ اگر بیسمنٹ کی چھت میں بیم سپورٹ موجود ہےتو پھر اس قسم کا آپشن آپ کو ضرور اپنانا چاہئے۔ بس آپ کو چھت کے حساب سے مناسب سائز کے لکڑی کے تختے درکار ہوں گے یا ضرورت کے مطابق آپ ان تختوں کو کٹواسکتے ہیں، یوں قدرے آسانی سے آپ کی ووڈن پلانک (Wooden Plank) سیلنگ تیار ہوجاتی ہے۔ 

تازہ ترین