• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹینس ٹیم کو پاکستان جانے سے نہیں روکا جائیگا، بھارتی وزیرکھیل

واشنگٹن /ممبئی (جنگ نیوز) بھارت نے ڈیوس کپ ٹائی پاکستان میں نہ کھیلنے کی خواہش پوری ہونے کا امکان کم ہے۔ایسے میں بھارتی وزیر کھیل کرن ریجوجو نے کہا کہ ہم ٹینس اسکواڈ کو پاکستان جانے سے نہیں روکیں گے کیونکہ یہ باہمی سیریز نہیں بلکہ عالمی سطح کا مقابلہ ہے۔ دوسری جانب امریکی ویب سائٹ کے مطابق انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف) کا کہنا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والے ڈیوس کپ ٹینس مقابلوں کے لیے سیکورٹی کے انتظامات اطمینان بخش ہیں اور یہ مقابلے شیڈول کے مطابق 14 اور 15 ستمبر کو اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد کے گراس کورٹس پر ہوں گے۔ بھارت نے کشمیر کے حوالے سے کشیدگی کے پس منظر میں آئی ٹی ایف سے درخواست کی تھی کہ یہ مقابلے یا تو کسی غیر جانبدار جگہ منتقل کر دیے جائیں یا پھر انہیں مؤخر کر دیا جائے۔ تاہم آئی ٹی ایف نے کہا ہے کہ وہ اسلام آباد میں سیکورٹی کے انتظامات سے مکمل طور پر مطمئن ہے اور یہ مقابلے پروگرام کے مطابق اسلام آباد میں ہی منعقد ہوں گے۔ اس ضمن میں آل انڈیا ٹینس فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل ہرونمائی چٹرجی نے کہا ہے کہ ہم پاکستان جانے سے متعلق فیصلہ پیر کے روز کریں گے۔ ہماری آئی ٹی ایف سیکورٹی ماہرین سے 19 اگست کو ٹیلیفونک میٹنگ ہوگی، ہم انہیں سیکورٹی سے متعلق تحفظات سے آگاہ کریں گے۔ عالمی ٹینس فیڈریشن کو یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ موجودہ حالات میں ممکن ہے کہ عوامی دبائو کے تحت پاکستانی حکومت ہمارے کھلاڑیوں کیلئے پیش کردہ مجوزہ سیکورٹی انتظامات سے دستبردار ہوجائے۔ اگر ایسا ہوا تو ہم وہاں آسان شکار ہوں گے۔ ہم کیسے اس طرح کا خطرہ مول لے سکتے ہیں۔ خیال رہے کہ بھارتی ٹینس فیڈریشن نے ان مقابلوں کے لیے مہیش بھوپاتھی کی کپتانی میں 6 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا تھا۔ حالیہ پاکستان بھارت کشیدگی کی وجہ سے بھارت نے سیکورٹی کے حوالے سے اسے پاکستان سے باہر منتقل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ تاہم آئی ٹی ایف کا کہنا ہے کہ سیکورٹی کا معاملہ آئی ٹی ایف کی ذمہ داری ہے اور وہ اس سلسلے میں میزبان ملک پاکستان سے مسلسل رابطے میں ہے۔آئی ٹی ایف نے نیوز ایجنسی رائٹرز کو بتایا ہے کہ وہ اور اس کے سیکورٹی مشیر پاکستان میں سیکورٹی کے انتظامات سے مکمل طور پر مطمئن ہیں۔

تازہ ترین