لاہور (جنگ نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ کشمیر کے حوالے سے حکومت کے پاس کوئی پلان نہیں تھا، حکومت نے کشمیر کا مقدمہ لڑا ہوتاتو بھارت کبھی یہ قدم نہ اٹھایا۔بھارت نے ایسی کارروائی کی جس کی 72 سال میں مثال نہیں ملتی۔ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان کے وفد کی سربراہی آزاد کشمیر کے وزیراعظم کو دی جائے۔میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال کا کہنا تھا کہ جولائی میں بھارت اپنی فورسز کشمیر میں بھیج رہا تھا لیکن ہماری حکومت سو رہی تھی۔ حکومت پاکستانی قوم کو بتائے کہ بھارت کو ایسے اقدام کی جرات کیوں ہوئی؟احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کے اتحاد کو بھارت نہیں، اپنی حکومت نے توڑا۔ حکومت کو انتقامی کارروائیوں سے فرصت نہیں مل رہی تھی کہ کشمیر کا مقدمہ لڑتی۔ حکومت کو بھارت کا مکروہ چہرے عالمی دنیا کو بتانا چاہیے تھا۔