• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

مقبوضہ کشمیر، شاہ محمود قریشی کا کینیڈا، نیدرلینڈ، اسپین اور جنوبی افریقہ کے وزرائےخارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ

 شاہ محمود قریشی  کی  اسلام آباد میں پریس کانفرنس


اسلام آباد(اے پی پی‘آئی این پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جمعہ کو کینیڈا ،نیدر لینڈ، اسپین اور جنوبی افریقہ کے وزراءخارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق بات چیت کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیاجبکہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل کے اجلاس سے ہندوستان کا چہرہ پوری دنیاکے سامنے بے نقاب ہوگیا‘ہم نے کشمیر کے مسئلے پر آخری حد تک جانے کا فیصلہ کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق شاہ محمودقریشی نے کینیڈا کی وزیر خارجہ کرسٹینا فری لینڈ، جنوبی افریقہ ڈاکٹر نالیڈی پنڈور،اسپین جوزف بوریل اور نیدر لینڈ کے اپنے ہم منصب اسٹف بلوک سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ جموں و کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہا ہے ۔بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلسل کرفیو کی وجہ سے خوراک، ادویات اور بچوں کا دودھ تک میسر نہیں جبکہ بھارت نے اپنے یکطرفہ اقدام سے خطے کے امن و امان کو شدید خطرات سے دو چار کر دیا ہے۔وزراءخارجہ نے کہا کہ ہم ساری صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اپنی تشویش کو دہرایا۔علاوہ ازیں شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم نے کشمیر کے مسئلے پر آخری حد تک جانے کا فیصلہ کیا ہے‘ بھارت نے جو مسئلہ دنیا کے نظروں سے اوجھل کر دیا تھا، آج بھارت بے نقاب ہو گیا، پاکستان حق خودارادیت کے حصول تک کشمیریوں کی سفارتی، اخلاقی اور سیا سی حمایت جاری رکھے گا۔

تازہ ترین