• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ ڈرا



انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ایشز ٹیسٹ ڈرا ہوگیا، پانچ میچز کی سیریز میں آسٹریلیا کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان لارڈز میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے 5ویں روز کھیل کا آغاز 4 وکٹ کے نقصان پر 96 رنز سے کیا، بین اسٹوکس اور جوز بٹلر ٹیم کا اسکور 161 تک لے گئے، جوز بٹلر 31 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

انگلینڈ نے دوسری اننگ 5 وکٹو ں کے نقصان پر 258 پر ڈیکلئیر کردی، بین اسٹوکس نے 115 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ جونی بیئرسٹو 30 رنز پر ناقابل شکست رہے اور آسٹریلیا کو جیت کے لیے 267 رنز کا ہدف دیا۔

انگلینڈ کے آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں رورے برنز نے 29، جو ڈینلی 26، جیسن روئے نے 2 رنز بنائے جبکہ جو روٹ بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹے۔

دوسری اننگز میں آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے 3 اور پیٹر سڈل نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے آسٹریلیا کا دوسری اننگز میں آغاز کچھ اچھا نہیں رہا، صرف 47 رنز پر 3 کھلاڑی آؤٹ ہو گئے تھے۔

اس کے بعد جوفرا آرچر کے خطرناک باؤنسر سے زخمی ہونے والے اسٹیو اسمتھ کی جگہ مارنوس لابوس شین کو متبادل کھلاڑی کے طور پر ٹیم میں شامل کیا تو انہوں نے آسٹریلیا کی اننگز کو سنبھالا اور ٹریوس ہیڈ کے ساتھ مل کر اسکور 132 تک پہنچایا۔

دوسری اننگز میں آسٹریلیا کی جانب سے مارنوس لابوس شین 59 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ٹریوس ہیڈ 42 رنز پر ناقابل شکست رہے۔

یوں آسٹریلیا کی ٹیم کھیل کے اختتام پر 6 وکٹوں پر 154 رنز بنا سکی۔ انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر اور جیک لیچ کے حصہ میں 3،3 وکٹیں آئیں۔

انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 258 جبکہ آسٹریلوی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 250 رنز اسکور کئے تھے۔

بین اسٹوکس میچ کے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ سے نوازہ گیا۔

آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا تیسرا ٹیسٹ 22 اگست سے شروع ہو گا۔

تازہ ترین