• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرداری کیخلاف سماعت، جج پراسیکیوٹر نیب پر برہم


جعلی بینک اکاؤنٹس کیس اور پارک لین ریفرنس کی سماعت کے موقع پر جج اور پراسیکیوٹر نیب کے درمیان گرما گرمی ہوئی۔

عدالت نے سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کے جوڈیشل ریمانڈ میں 5 ستمبر تک توسیع کر دی۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں جج محمد بشیر نے سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کے خلاف جعلی بینک اکاؤنٹس کیس اور پارک لین ریفرنس کی سماعت کی۔

دورانِ سماعت آصف زرداری نے عدالت کو بتایا کہ جیل والے بہت تنگ کرتے ہیں، اس موقع پر اے کلاس سے متعلق درخواست پر جج محمد بشیر اور نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل کے درمیان گرما گرمی بھی ہوئی۔

احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ وہ نہیں سنتے، عدالت میں اونچی آواز سے بات مت کریں، جس پر نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نے عدالت سے معذرت کرلی اور کہا کہ عدالت کو کوئی دقت ہوئی ہے تو وہ معذرت خواہ ہیں۔

کیس میں پارک لین ریفرنس کی نقول ملزمان کو فراہم کر دی گئیں ، تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ بیرون ملک ہونے کے باعث 3 ملزمان گرفتار نہیں کیے جاسکے ہیں۔

احتساب عدالت کے جج نے ریمارکس دیے کہ وہ چیئرمین نیب کو ہدایت دے رہے ہیں کہ آئندہ سماعت پر ریفرنس کی کاپیاں جمع کرائیں۔

دورانِ سماعت سابق صدر کی ہمشیرہ فریال تالپور نے جیل میں اضافی سہولتوں کی درخواست بھی دائر کی جس کی سماعت کل کے لیے مقرر کر دی گئی ہے۔

تازہ ترین