پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اسکردو پہنچ گئے ہیں.
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری دورۂ بلتستان پر اسکردو پہنچ گئے ہیں، وہ 22 اگست کو اسکردو میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے ۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا ایئرپورٹ سے اسکردو شہر تک اسکول کے طلبہ، دکان داروں اور شہریوں نے گھروں سے نکل کر پرتپاک استقبال کیا، انہیں پھولوں کے ہار بھی پہنائے۔
بلاول بھٹو زرداری عوام کے جمِ غفیر کو دیکھ کر گاڑی سے باہر نکل آئے اور شہریوں سے ملے، راستے میں ایک پھل فروش بچے نے بلاول بھٹو زرداری کو بیر بھی پیش کیے جبکہ ایک شہری صدقہ دینے گائے لے آیا۔
بلاول بھٹو زرداری غیول اور تھایور میں گلیشیئر کے سبب آنے والے سیلاب سے متاثرہ افراد سے بھی ملے اور اُن کی خیریت دریافت کی اور وہاں نقصانات پر اظہارِ افسوس بھی کیا۔
بلاول بھٹو زرداری آج اسکردو میں علماء و مشائخ کے وفد سے ملاقات کریں گے اور اسکردو میں ورکرکنونشن سے بھی خطاب کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کے دورہ بلتستان پر پیپلز پارٹی کے جیالے اور ضلعی سینئر نائب صدرعبد الکریم کا کہنا ہے کہ شہید بھٹو نے گانچھے ضلع کو بنایا ہے۔
عبد الکریم نے مزید کہا کہ 70 کنال ملکیتی زمین عوام کی طرف سے بلاول بھٹو زرداری کو تحفے کے طور پر دے رہا ہوں۔