آسٹریلوی بیٹسمین اسٹیو اسمتھ کے باؤنسر سے زخمی ہونے کے بعد ٹیم کے سابق ڈاکٹر نے نیک گارڈ لازمی کرنے کی تجویز دے دی۔
ڈاکٹر پیٹر بروکنر نے کہا ہے کہ اگر نیک گارڈ لازمی قرار نہ دیا تو مستقبل میں بلے بازوں کی اموات بڑھ جائیں گی۔2014میں فلپ ہیوز کی موت کے بعد بھی نیک گارڈ کے استعمال سے گریز حیران کن ہے۔
آسٹریلوی بلے باز اسٹیو اسمتھ لارڈز ٹیسٹ میں گردن پر جوفرا آرچر کا باؤنسر لگنے سے زخمی ہوگئے تھے ۔ اسٹیو اسمتھ نے بیٹنگ کرتے ہوئے نیک گارڈ نہیں لگایا تھا۔
ابتدائی طور پر انہیں میدان ہی میں طبی امداد دی گئی تھی تاہم ٹیم ڈاکٹر رچرڈ سا کے مشورے پر اُنہیں میدان سے باہر لے جایا گیا اورڈریسنگ روم میں اُن کی انجری کا تفصیل سے معائنہ کیا گیا جس کے بعد ٹیم ڈاکٹر نے اُنہیں کھیلنے کے لیے فٹ قرار دیا تھا۔