نئی دہلی میں گھریلو ملازم نے مالکن اور اس کے 14 سالہ بیٹے کو قتل کردیا، جسے اتر پردیش سے گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 24 سالہ ملزم مکیش خاتون کی ڈانٹ پر طیش میں آگیا تھا، جس کے بعد ماں بیٹے کے گلے کاٹ دیے۔
پولیس کے مطابق مقتولہ 42 سالہ رچیکا سیوانی اور ان کا بیٹا کرش جو دسویں جماعت کا طالب علم تھا، دونوں بدھ کی رات اپنے گھر میں مردہ پائے گئے۔
مکیش نے پولیس کو بتایا کہ وہ چند دنوں سے بیمار تھا اور کام پر نہیں آیا تھا۔ جب وہ واپس آیا تو رچیکا نے نہ صرف اُسے ڈانٹا بلکہ اس سے وہ 40 ہزار روپے بھی واپس مانگے جو اس نے خاتون کے شوہر کلدیپ سیوانی سے لیے تھے۔
جس پر غصے میں آکر مکیش نے چاقو سے رچیکا کا گلا کاٹ دیا۔ اسی دوران، ان کا بیٹا کرش جو واش روم میں تھا، شور سن کر باہر آیا اور مکیش کو دیکھ کر چیخ پڑا۔ ملزم نے ثبوت مٹانے کے لیے اسے بھی قتل کر دیا۔
بعدازاں مقتولہ کا شوہر جب اپنے کام سے واپس گھر لوٹا تو اس نے گھر کے باہر خون کے دھبے دیکھے اور دروازہ بھی بند پایا، بیوی بچوں سے رابطہ نہ ہونے پر کلدیپ سیوانی نے پولیس کو اطلاع دی، پولیس موقع پر پہنچ کر دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئی تو خاتون خون میں لت پت بستر کے قریب مردہ پڑی تھی، جبکہ اس کے بیٹے کی لاش باتھ روم سے ملی۔
پولیس نے علاقے کے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کر لی ہے تاکہ واردات کے وقت کی مکمل تصویر سامنے آ سکے۔