امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کی کارکردگی افسوس ناک ہے ایک سال میں حکومت نے صرف یوٹرن ہی لیے اسے چاہیے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کرے۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 15دن سے مسلسل کرفیو لگا ہوا ہے، پورا کشمیر جیل خانہ بنا ہوا ہے سیاسی قیادت جیل میں ہے اور بین الاقوامی برادری خاموش ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ حکومت نے بہت جلدی میں ابھی نندن کو واپس بھیج دیا، مودی نے کہا پاکستان میں ہمت نہیں کہ ہمارا پائلٹ زیادہ دیر تک اپنے پاس رکھے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ سیاسی نہیں یہ زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، کشمیر پر حکومت کو بین الاقوامی کانفرنس بلانے کو کہا مگر ابھی تک نہیں بلائی گئی، وقت ضائع کیا گیا تو سب کچھ ہاتھ سے نکل جائے گا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ نے دھمکی دی ہے کہ ہمارے پاس ایٹم بم کا آپشن موجود ہے،دنیا بتائے اب ان کی زبان خاموش کیوں ہے؟
سراج الحق نے کہا کہ ایمان اور حالات کا تقاضا ہے کہ ہم اب الفاظ سے بڑھ کر اقدامات کریں، حکومت قوم کو ڈرانے کی بجائے ان کو ہمت دے۔
سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی خاموش نہیں رہے گی اور 25اگست کو پشاور میں جبکہ یکم ستمبر کو کراچی میں کشمیر بچائو عوامی مارچ کریں گے۔