• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ ناکام، کچرا اٹھانا ہماری ذمہ داری نہیں،میئر کراچی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کچرا اٹھانا ہماری ذمہ داری نہیں ہے جن کی ذمہ داری ہے وہ ناکام ہو چکے وزیراعظم نے کراچی کے لئے 25 ارب اور حیدرآباد کے لئے 5 ارب دینے کا وعدہ کیا تھا اس کا ابھی انتظار ہےسالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ شہر کو صاف کرنے میں ناکام ہوچکا، سیوریج نظام تباہ ہے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی یہ ذمہ داری نہیں مگر ہم اپنے لوگوں کو تکلیف میں نہیں دیکھ سکتے اسی لئے میں نے وفاقی وزیر علی زیدی اور ملک ریاض سے مدد کی درخواست کی تاکہ شہر سے کچرے کے ڈھیروں کو اٹھایا جا سکے جن میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کی دوپہر سراج الدولہ کالج ڈسٹرکٹ سینٹرل میں بحریہ ٹاؤن کے تعاون سے کچرا اٹھانے کے کام کا معائنہ کرنے اور ڈسٹرکٹ سینٹرل کے تفصیلی دورے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سید ارشد حسن،میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سیدسیف الرحمن،بلدیہ وسطی کے چیئرمین ریحان ہاشمی، بلدیہ عظمیٰ کراچی، ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن اور بحریہ ٹاؤن کے افسران بھی موجود تھے،میئر نے کہا کہ ہمارے پاس وسائل نہیں ہیں تاہم کے ایم سی نے دستیاب مشینری ڈسٹرکٹ کو دی ہے تاکہ جلد از جلد صفائی کا یہ مرحلہ مکمل ہو،ایک سوال کے جواب میں میئر نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کے پاس تمام تر صلاحیت موجود ہے مگر وسائل نہیں دیئے جا رہے،دریں اثنامیئر کی ہدایت پر بلدیہ عظمیٰ کراچی نے بارشوں کے بعد سڑکوں پر پڑنے والے گڑھوں کی مرمت کاکام شروع کردیا ہے، میئرکراچی نے محکمہ ورکس اینڈ سروسز کو ہدایت کی ہے کہ کم سے کم عرصہ میں تمام بڑی سڑکوں پر سے مرمت کاکام مکمل کرلیا جائے۔
تازہ ترین