• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

جنون بینڈ نے لندن میں ہونے والے کنسرٹ کو کشمیر کے نام کردیا


لندن (مرتضیٰ علی شاہ) پاکستان کے معروف صوفی راک بینڈ جنون نے بھارتی حکومت کی جانب سے آئین کے آرٹیکل370کی منسوخی پر 25اگست کو لندن کے کنسرٹ کو کشمیر کے نام کردیاہے، جنون بینڈ 25 اگست کو لندن کے علاقے ویمبلے کے ایس ایس ای ارینا اور 26 اگست کو لیڈز میں اپنے فن کامظاہرہ کریگا، اس کنسرٹ کو ’’کم بیک ٹور‘‘ کانام دیا گیا ہے، جنون بینڈ ان کنسرٹس میں اپنے مقبول ترین گانے سنائے گا، بینڈ کے گٹارسٹ سلمان احمد نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ اقوام متحدہ کے خیر سگالی سفیر کی حیثیت سے میں نے 25 اگست کے لندن کے کنسرٹ کو کشمیر کے نام کر دیا ہے انھوں نے لکھا ہے کہ بھارت نے لاکھوں افراد کو اپنے گھروں میں محبوس کر رکھا ہے، جنھیں انسانی بنیاد پر مدد کی ضرورت ہے۔ جنون نے 2008 میں سری نگر کی ڈل جھیل پر اپنے فن کامظاہرہ کیا تھا، سلمان احمد نے بتایا کہ جنون واحد راک بینڈ ہے جس نے مقبوضہ کشمیر میں پرفارم کیا ہے، ہم نے 25 اگست کے کنسرٹ کو بہادر کشمیریوں کے نام کردیا ہے ’’ہے جذبہ جنون توہمت نہ ہار‘‘ انھوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے مسلسل کرفیو کی وجہ سے لاکھوں افراد کیلئے ایک بڑا انسانی المیہ جنم لے رہا ہے ۔

تازہ ترین